پشاور پولیس لائنز کے شہداء کی یاد میں دعائیہ تقریب
3 Feb 2023 20:09
ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے کراچی میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ کالعدم جماعتیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی چھتری تلے نمازیوں کے قتل عام میں مصروف ہیں، پشاور میں بے گناہ نمازیوں کو دہشتگردی کا نشانہ بناکر شہید کرنے والے یزید کے پیروکار ہیں۔
رپورٹ: ایس ایم عابدی
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے پشاور پولیس لائنز میں خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی کی نمائش چورنگی پر منعقدہ تقریب میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نجمی عالم، تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی، بلال غفار، جعفریہ الائنس پاکستان کے نائب صدر علامہ باقر حسین زیدی، شبر رضا، اہل سنت عالم دین شاہ فیروز الدین رحمانی، علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، ایس ایچ او سولجر بازار وقار عظیم، ایس ڈی پی او جمشید ڈویژن تصدیق وارث شیخ، ایس ایچ او جمشید نوید سومرو سمیت علمائے کرام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں اور ریاستی اداروں سے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1039364