کراچی میں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کا آغاز، ویڈیو رپورٹ
16 Nov 2022 02:08
اسلام ٹائمز: ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش میں دفاعی ساز و سامان بنانے والے ملک کے سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ ترکی، چین، امریکا، لاطینی امریکا، یورپ، ایشیا اور مشرق بعید کے ملکوں کی کمپنیوں نے بھی اسٹال لگائے ہیں۔
رپورٹ: سید ظفر جعفری
ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی ساز و سامان کی 4 روزہ 11ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز 2022ء‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے۔ پندرہ نومبر بروز منگل دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کا افتتاح وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل خطے کی بہتری کیلئے اہم ہے، ہماری خارجہ پالیسی کی وجہ سے دیگر ممالک سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، پاکستان نے دنیا کے امن کیلئے کردار ادا کیا اور کرتا رہے گا۔ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش میں دفاعی ساز و سامان بنانے والے ملک کے سرکاری و نجی اداروں کے علاوہ ترکی، چین، امریکا، لاطینی امریکا، یورپ، ایشیا اور مشرق بعید کے ملکوں کی کمپنیوں نے بھی اسٹال لگائے ہیں۔
نمائش میں غیر ملکی کمپنیوں کا تناسب 60 فیصد اور ملکی اداروں اور کمپنیوں کا تناسب 40 فیصد ہے۔ تجارتی مندوبین کے علاوہ 64 ملکوں کے 285 اعلیٰ سطح کے مندوبین بھی آئیڈیاز 2022ء کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر غیر ملکی مندوبین، اہم سرکاری شخصیات اور نمائش کے شرکاء کے درمیان کاروباری کمپنیوں، کمپنیوں کی حکومتی سطح پر سینکڑوں ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء 18 نومبر تک جاری رہے گی۔ سال 2000ء میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار یعنی آئیڈیاز کا آغاز کیا گیا تھا اور اس وقت سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہو رہا ہے، تاہم کورونا کی عالمی وباء کے باعث سال 2020ء میں نمائش کا انعقاد نہیں ہو سکا تھا، رواں برس چار سال بعد یہ ایونٹ ہو رہا ہے، رواں سال دفاعی نمائش کا یہ 11واں ایڈیشن ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial/videos
خبر کا کوڈ: 1024794