QR CodeQR Code

عمران خان پر حملے کے ذمہ دار شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں، اسد عمر

3 Nov 2022 23:39

اپنے ویڈیو بیان میں رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تینوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے اور اگر نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا، جس وقت عمران خان نے کال دی یہ احتجاج شروع ہوجائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے تین افراد کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ویڈیو پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسپتال میں عمران خان کا طبی معائنہ ہوگیا ہے اور اللہ کا شکر ہے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو اگر اس بات پر کوئی شک تھا تو وہ دور ہونا چاہیئے جو عمران خان کہتے تھے کہ میں حقیقی آزادی کے لئے جان دینے کے لئے تیار ہوں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں نے چند دن قبل عمران خان کو خطرات سے آگاہ کردیا تھا مگر انہوں نے کہا کہ ہم جس جہاد کے لئے نکلے ہیں ہمیں سب کچھ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیئے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھے اور میاں اسلم اقبال کو بلایا اور کہا کہ میری طرف سے قوم کو یہ پیغام دو کہ میرے پاس پہلے سے معلومات تھیں اور تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں یہ سب کچھ کروایا ہے اور یہ تین لوگ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور میجر جنرل فیصل ہیں اور یہ میں معلومات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تینوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے اور اگر نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا، جس وقت عمران خان نے کال دی یہ احتجاج شروع ہوجائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ آج جو ظالمانہ اور قاتلانہ حملہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر کیا گیا اس سلسلے میں عمران خان کے ہدایت پر ان تینوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1022609

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/video/1022609/عمران-خان-پر-حملے-کے-ذمہ-دار-شہباز-شریف-رانا-ثناء-اللہ-اور-میجر-جنرل-فیصل-ہیں-اسد-عمر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com