لاہور، جامعہ عروہ الوثقی کی وحدت امت ریلی
10 Oct 2022 14:44
لاہور میں ریلی کے شرکاء سے خطاب میں تحریک بیداری امت مصطفی کے سربراہ نے بیداریِ امت کو راہ حل کے طور پر پیش کیا اور کہا کہ اس ہلاکت خیز فتنے میں جو چیز ضروری ہے وہ بصیرت غور و فکر، تدبر و تفکر اور گہرا تجزیہ ہے تاکہ اختلاف و تفرقے اور دشمنان اسلام کی عیاری و مکاری سے بچتے ہوئے مسلمانوں کی صفوں میں رخنہ ڈالنے کی کوششیں ناکام بنائی جا سکیں۔
رپورٹ: تصور حسین شہزاد
لاہور میں 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی (ص) کی پرُ برکت مناسبت سے حوزہ علمیہ جامعہ العروة الوثقیٰ کے زیرِانتظام عظیم الشان وحدتِ امت ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو جامعہ عروۃ الوثقیٰ سے شروع ہوئی اور قینچی سٹاپ والٹن فیروز پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ وحدتِ امت ریلی میں بِلاتفریقِ مسلک و مذہب ہزاروں افراد نے شرکت کی اور رسول اللہ (ص) سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کیا۔ شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریکِ بیداری امتِ مصطفیؐ اور زعیم جامعہ عروۃ الوثقیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ رسول اللہ (ص) نے عرب کی جاہل قوم کو تبلیغ اور تربیت کے ذریعے خیرِ امت میں بدل دیا اور ان کی باہمی دشمنیوں کو اخوت و محبت میں ڈھال دیا۔ ریوڑ کو امت بنانا ایک عظیم معجزہ ہے جو تعلیم و تربیت سے ممکن ہوا ،اب یہ امت کا فریضہ ہے کہ رسول اللہ (ص) کے مشن کو تکمیل تک پہنچائے اور اس مقصد کیلئے خود کو قوم، قبیلہ، مسلک و گروہ کی حالت سے نکال کر امت کے قالب میں ڈھالے کیونکہ امت ہی قرآنِ مجید کی واحد قابلِ قبول اجتماعی حالت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ: 1018503