سراج درانی کو سیلاب متاثرین نے خالی ہاتھ آنے پر واپس بھیج دیا، ویڈیو وائرل ہوگئی
1 Sep 2022 21:13
اس ضمن میں آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ شکارپور کے بڈے کے علاقے میں گزشتہ روز سیلاب زدگان کی داد رسی کے لئے گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے کا جائزہ لینے گیا تھا لیکن سیاسی مخالفین نے نعرے لگانا شروع کردیئے۔
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کو سیلاب متاثرین نے خالی ہاتھ آنے پر واپس بھیج دیا، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ سندھ کے ضلع شکارپور کے دورے کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد نے آغا سراج درانی سے سوال کیا کہ آپ نے ہمیں ٹینٹس بھی نہیں دیئے، ہماری خواتین نے کھلے آسمان تلے رات گزاری۔ سراج درانی کی جانب کسی قسم کا جواب نہ آنے پر متاثرین نے خالی ہاتھ آئے پیپلز پارٹی کے قائم مقام گورنر کو واپس بھیج دیا اور چور چور کے نعرے لگائے، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متاثرین نعرے لگاتے ہوئے آغا سراج درانی کو واپس جانے کا کہتے رہے۔ سیلاب متاثرین نے آغا سراج درانی سے سوال کیا کہ آپ نے ہمیں ٹینٹس بھی نہیں دیئے، ہماری خواتین نے کھلے آسمان تلے رات گزاری ہے۔ آغا سراج درانی نے متاثرین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپ نہیں بول رہے بلکہ کوئی اور بول رہا ہے۔ سیلاب متاثرین کے نعروں کے بعد آغا سراج درانی اپنی گاڑی میں سوار ہو کر واپس چلے گئے۔
اس ضمن میں آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ شکارپور کے بڈے کے علاقے میں گزشتہ روز سیلاب زدگان کی داد رسی کے لئے گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقے کا جائزہ لینے گیا تھا لیکن سیاسی مخالفین نے نعرے لگانا شروع کردیئے۔ اس سے قبل قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے کہا تھا کہ بارشوں سے تباہی گناہوں کی سزا ہے، یہ سب اللہ سائیں کی طرف سے ہورہا ہے، انشاءاللہ اگر آپ سدھرو گے تو ہر چیز سدھر جائے گی، یہ سب چیزیں اللہ کی طرف سے ہوتی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ایک اور رہنما منظور وسان نے سیلاب میں ڈوبے سندھ کو اٹلی کے شہر وینس سے تشبیہ دی تھی جس انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں منظور وسان کو کشتی پر سوار دکھایا گیا ہے اور گاؤں کے کچھ لوگ پانی میں کھڑے ان سے ملنے آئے تو انہیں بھگا دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ: 1012238