شہداء کا لہو حرم پاک کے عزت و تکریم سے بھی بڑھکر ہے، سید علی گیلانی
29 Jan 2019 22:46
حریت رہنما نے قوم باہمی اتحاد و اتفاق کو قائم و دائم رکھنے اور مسلکی منافرت کے ناسور سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف اجتماعی طور مقابلہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے چپے چپے پر بھارت کے ظلم و جبر کی انتہا ہے اور ہم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے لئے صرف دو ہی راستے ہیں ایک ظلم کے خلاف آواز بلند کریں اور دوسرا یہاں سے ہجرت کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جغرافیائی حالات ہمیں ہجرت کی اجازت نہیں دیتے ہیں، اس لئے ہمارے لئے صرف ایک ہی راستہ بچتا ہے کہ ہم اس ظلم کا مقابلہ کریں اور اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔
شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے حریت رہنما سید علی گیلانی نے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کئے جانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے اور ان کے مقدس لہو کو کسی بھی صورت میں رائیگان ہونے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان عظیم قربانیوں کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ حریت رہنما نے اپنی مظلوم قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لخت ہائے جگر کے مقدس لہو کی تحریم و تکریم کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے مراعات اور مفادات کے عوض بیچ کھانے کی ناپاک کوششوں کو ناکام بنائیں، کیونکہ شہداء کا لہو حرم پاک کے عزت و تکریم سے بھی بڑھ کر ہے۔
سید علی گیلانی نے اپنی مظلوم قوم سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان بے پناہ قربانیوں کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے اس تحریک کو ذاتی مراعات اور مفادات کے عوض بیچ کھانے کی ناپاک کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے یکسوئی اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے مجوزہ پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کے کچھ بے ضمیر لوگ عوام کے سامنے بجلی، پانی اور سڑک کے نام پر ووٹ حاصل کرتے ہیں اور اقتدار حاصل کرنے کے بعد یہ لوگ بھارت کے جبری قبضے کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے ہی لوگوں کا خون بہانے میں کوئی شرم محسوس نہیں کرتے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے قوم کو اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی تلقین، باہمی اتحاد و اتفاق کو قائم و دائم رکھنے اور مسلکی منافرت کے ناسور سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف اجتماعی طور مقابلہ کرنے اور مذہبی ہم آہنگی اور باہمی بھائی چارہ کی اشد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ: 775019