دہشت گردی کسی ایک فرقہ یا گروہ کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ناسور بن چکی ہے،مجلس وحدت مسلمین
25 Oct 2010 13:35
سلام ٹائمز:مرکزی ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ہم مسلسل یہ کہتے آ رہے ہیں کہ دہشت گرد امریکہ کے دشمن نہیں ہیں بلکہ یہ امریکہ کے ایجنٹ ہیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی امریکی،اسرائیلی اور بھارتی ایجنڈوں پر کام کرہے ہیں
حیدر آباد:اسلام ٹائمز-مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی و صوبہ سندھ کے رہنماﺅں نے دو روزہ صوبائی کنونشن کے بعد حیدر آباد پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کی،جس سے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری،صوبہ سندھ کے نو منتخب سیکرٹری علامہ مختار امامی،مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی،مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید شبیر بخاری نے شرکت کی۔اس پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور دہشت گردی میں گھری ہوئی مظلوم پاکستانی قوم کے ساتھ ان کے یہ بھائی ہمیشہ ساتھ دیتے رہے ہیں اور ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے صحافیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ دہشت گردی اب کسی ایک فرقہ یا گروہ کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے ناسور بن چکی ہے،انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل یہ کہتے آ رہے ہیں کہ دہشت گرد امریکہ کے دشمن نہیں ہیں بلکہ یہ امریکہ کے ایجنٹ ہیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی امریکی اسرائیلی اور بھارتی ایجنڈوں پر کام کرہے ہیں۔
انہوں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے قیام کے اہم مقاصد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اس عزم کے ساتھ اٹھی ہے کہ خیبر سے کراچی تک ہر طبقے اور مکتبہ فکر کے افراد کو یکجا کرے اور پاکستان کی مظلوم عوام اور وطن عزیز کی بہتری کے لئے کوشش کرئے۔انہوں نے پاراچنار کی روڈ بندش کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد افغانستان سے پاراچنار داخل ہوتے ہیں اور مقامی دہشت گردوں کے ساتھ ملکر محب وطن بے گناہ شہریوں کا قتل عام کرتے ہیں جبکہ حکومت روڈ کھلوانے میں ناکام نظر آتی ہے،آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر دہشت گردی اور عالمی سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے۔
اس سے پہلے سندھ کی مجلس وحدت مسلمین کے عہدہ داران نے حجة الاسلام علامہ مختار امامی کو اپنا سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا،رکن شوریٰ عالی حجة الاسلام والمسلمین علامہ حیدر جوادی نے نو منتخب سیکرٹری جنرل سندھ سے حلف لیا جبکہ مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں جماعتی کاموں کی انجام دھی کے خدوخال پر جامع گفتگو کی اور آپ کا خطاب انتہایی تاریخ ساز خطاب تھا۔
خبر کا کوڈ: 41678