ایران خطے میں دہشتگردی کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے
ملت ایران دشمنوں کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کرے گی، ڈاکٹر حسن روحانی
ملک کی ترقی کیلئے سول جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ہمارا حق ہے
23 Sep 2014 04:52
اسلام ٹائمز: تہران میں ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز پر ایک تقریب سے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کیساتھ جوہری مذاکرات پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، تاہم جوہری پروگرام کے حوالے سے اعتماد سازی کی فضا کو بحال کرنے کیلئے مزید شفافیت قبول کرنے کو تیار ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ہفتہ دفاع مقدس، ملت ایران کے لئے ہفتۂ سبق اور ملت کے دشمنوں کے لئے ہفتۂ عبرت ہے۔ پیر کے روز دارالحکومت تہران میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کے مزار کے احاطے میں مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ملت ایران نے دشمن کے انواع و اقسام کے ہتھیاروں اور مشرق و مغرب کے گٹھ جوڑ کے مقابلے میں، استقامت و مزاحمت کے ذریعے ملت ایران کو جھکانے کا ان کا خواب پورا نہیں ہونے دیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے غیور جوانوں، فوج کے بہادر سپاہیوں، سپاہ پاسداران انقلاب کے جیالوں، رضاکار فورس بسیج کے فدا کاروں، سب نے مل کر، امام خمینی (رہ) کے ارشادات کو اپنے لیے مشعل راہ قرار دیا اور فوجی لباس زیب تن کرکے جنگ کے محاذوں کی طرف روانہ ہوئے۔
ایرانی صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ملت ایران کبھی بھی دشمنوں کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گی اور آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران مغرب کی جانب سے صدام کو تحفے میں دیئے جانے والے جدید ترین ہتھیاروں، جاسوسی کے سیٹ لائٹ سسٹم اور تمام تر تشہیراتی مہم کے باوجود، ایران کی غیور قوم نہیں ڈری، اپنے حق کے راستے پر گامزن رہی اور مطمئن تھی کہ اگر حق کے راستے میں اس نے استقامت کا مظاہرہ کیا تو وہ ہرگز نابود نہیں ہوگی۔ واضح رہے کہ ایران میں ہفتہ دفاع مقدس کا آغاز ہوگیا ہے جو 29 ستمبر تک جاری رہے گا، 22 ستمبر ہی کے دن عراق کی بعثی حکومت نے ایران اسلامی پر حملہ کرکے مسلط کردہ جنگ شروع کی تھی۔
دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطٰی میں امن کے لئے ایران کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور ہم خطے میں دہشت گردوں کے خلاف ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں، عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری مذاکرات پر اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، تاہم جوہری پروگرام کے حوالے سے اعتماد سازی کی فضا کو بحال کرنے کے لئے مزید شفافیت قبول کرنے کو تیار ہیں، ملک کی ترقی کے لئے سول جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ہمارا حق ہے اور اپنے اس حق سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ روانگی سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطٰی کے لوگ دہشت گردوں کے خلاف خود ہی اپنا دفاع کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی ہوگی تو حکومت اور فورسز ان ممالک کی حکومتوں کی مدد کرے گی، مشرق وسطٰی میں آج ہر جگہ بدامنی، قتل و غارت گری اور خوف کی لہر پھیلی ہوئی ہے لیکن ایران خطے میں امن کے لئے اہمیت کا حامل ملک ہے۔ ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ڈاکٹر حسن روحانی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پانچ عالمی طاقتوں اور جرمنی کے ساتھ جوہری پروگرام کے حوالے سے ہونے مذاکرات پر ایران اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، تاہم جوہری پروگرام کے حوالے سے اعتماد سازی کی فضا کو بحال کرنے کے لئے مزید شفافیت قبول کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے سول جوہری ٹیکنالوجی کا حصول ہمارا حق ہے اور اپنے اس حق سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
خبر کا کوڈ: 411150