حماس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
مسلمان حکمران اسرائیل کیخلاف جہادی لشکر روانہ کریں ، عتیق الرحمن چوہان
23 Jul 2014 08:34
اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ خیبر پختونخوا کے ترجمان اور زونل مسؤل نے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں کوامریکہ سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، امریکہ افغانستان میں شرمناک و عبرتناک شکست کے زخم چاٹ رہاہے، فلسطین میں اٹھارہ اسرائیلی فوجیوں کے مردار ہونے میں دو امریکی فوجیوں کاشامل ہونا یہ ثابت کرتاہے کہ امریکہ اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کررہاہے اور فوج و وسائل مہیا کر رہا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ جماعت الدعوۃ صوبہ خیبر پختونخوا کے ترجمان اور جماعت الدعوۃ ڈیرہ کے زونل مسؤل عتیق الرحمن چوہان نے کہاہے کہ مسلمان امت ایک جسم کی مانند ہے۔ جسم کاایک حصہ بھی تکلیف میں ہو تو پورا جسم کو تکلیف ہوتی ہے۔ فلسطینیوں کے اوپر ہونیوالے ظلم کی وجہ سے پوری دنیا کے مسلمان غمگین اور شدید تکلیف میں ہیں لیکن اسرائیلی جارحیت اور بربریت پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی نہایت ہی افسوسناک اور پریشان کن ہے جو کہ اسرائیلی جارحیت میں اضافے کاباعث ہے اور اسی جارحیت کے باعث مسلمان حکمرانوں کی آخرت برباد ہونیکا خدشہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت الدعوۃ کے مرکز عبداللہ بن مسعود ڈیرہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت الدعوۃ کے ذمہ داران حافظ عبدالوہاب، حافظ احسان اللہ، مسعود احمد، عبدالقادر سدوزئی، اللہ نواز قریشی، جاوید سلفی اور دیگر کارکنان کے علاوہ جے یوآئی کے رہنما قاری خلیل احمد سراج، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ رمضان توقیر اور مسیحی برادری کے پادری اکمل بھی موجود تھے۔ عتیق الرحمن چوہان نے کہا کہ مسلمان حکمرانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اتحاد اور اتفاق کامظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں اور اسرائیل کے باز نہ آنے پر عملی اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے جہادی لشکر روانہ کریں اور ایک ملت و امت ہونے کاثبوت دیں۔ مسلم حکمرانوں کو امریکہ سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ امریکہ افغانستان میں شرمناک و عبرتناک شکست کے زخم چاٹ رہا ہے۔ فلسطین میں اٹھارہ اسرائیلی فوجیوں کے مردارہونے میں دو امریکی فوجیوں کاشامل ہونا یہ ثابت کرتاہے کہ امریکہ اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کر رہا ہے اور فوج اور وسائل مہیا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم اسرائیل کیخلاف برسر پیکار مجاہدین کی تنظیم حماس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور انکی کامیابیوں اور نصرت الٰہی کیلئے دعاگو ہیں۔ ہم وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ اسلامی و نظریاتی ریاست پاکستان کے ذمہ داران ہونے کے تقاضوں کوپورا کرتے ہوئے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے انسداد کیلئے ٹھوس و عملی کردار پیش کریں، پوری قوم آپکی پشت پر ہو گی۔
خبر کا کوڈ: 400997