صیہونی حکومت کی بربریت روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات انجام دینے کا مطالبہ
جواد ظریف کا غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ، اسلامی کانفرنس تنظیم اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرلز کے نام خط
10 Jul 2014 20:05
اسلام ٹائمز: ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے اس خط میں فلسطینیوں کیخلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی و علاقائی تنظیموں کے سربراہوں سے مطالبہ کیا ہے وہ اسرائیل کی اس جارحیت کی روک تھام کیلئے فوری و ضرروری اقدامات انجام دیں۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے نام خط میں فلسطین کے عوام کے خلاف صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائی کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات انجام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ مہر نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے بان کی مون، ایاد مدنی اور نبیل العربی کے نام اپنے خط میں غزہ اور غرب اردن میں غاصب صیہونی حکومت کے حالیہ وحشیانہ حملوں، جن کے نتیجے میں 80 زیادہ فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس المناک صورت حال کے جاری رہنے کو تشویشناک قرار دیا ہے۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے اس خط میں تاکید کی ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی فوج کا وسیع حملہ، فلسطینی باشندوں کے گھروں پر فضائی گولہ باری اور نامہ نگاروں پر حملوں کے نتیجے میں اب تک سینکڑوں فلسطینی شہید و زخمی ہوچکے ہیں۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے اس خط میں غزہ کے محاصرے، اس علاقے میں میڈیکل سہولیات کے نہ ہونے اور انسان دوستانہ امداد کی ترسیل میں رکاوٹ کو اس علاقے میں انسانی المیہ کے رونما ہونے کی اہم وجوہات قرار دیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ اس صورت حال کے جاری رہنے کی صورت میں علاقے میں امن و سلامتی کے حوالے سے ٹھوس خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے اس خط میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی و علاقائی تنظیموں کے سربراہوں سے مطالبہ کیا ہے وہ اسرائیل کی اس جارحیت کی روک تھام کے لئے فوری و ضرروری اقدامات انجام دیں۔
خبر کا کوڈ: 398673