QR CodeQR Code

سعودی این جی او کے 3 افراد کلاچی سے لاپتہ

14 Apr 2014 03:23

اسلام ٹائمز: کنگ عبداللہ ٹرسٹ کیلئے کام کرنے والے تین افراد اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان آئے ہوئے تھے، کلاچی کی تحصیل روڑی میں سروے کی خاطر گئے مگر واپس نہیں آئے، کلاچی پولیس نے لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔


رپورٹ: کے آئی خان

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ روڑی سے سعودی این جی او کے تین افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ تینوں افراد اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان سروے کی غرض سے آئے ہوئے تھے۔ کنگ عبداللہ نامی این جی او ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر زمینوں کی خرید اور مکانات کی تعمیر میں مصروف ہے۔ ڈی آئی خان بائی پاس روڈ کے اطراف میں نمایاں مقامات پر اسی این جی او کے ذریعے زمینیں خریدی گئی اور ان پر تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شاہ عبداللہ این جی او کے ذریعے تعمیر ہونیوالے مکانات میں طالبان اور قبائلیوں کی آباد کاری کا سلسلہ جاری ہے۔ زمینوں کی خرید اور مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں سروے کے لیے آئے محمد توصیف، غلام مصطفٰی اور اسلام الدین تحصیل کلاچی کے علاقہ روڑی میں سبز رنگ کی مہران گاڑی میں گئے، مگر بعد ازاں ان کا اپنے ادارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
 
تھانہ کلاچی کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ راجہ یاسر اقبال کوٹ باغ، آزاد کشمیر کی جانب سے ایک تحریری درخواست تھانے کو موصول ہوئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ این جی او کے تینوں اہلکاروں کو روڑی کے علاقے سے اغواء کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لاپتہ اہلکاروں میں سے دو کا تعلق آزاد کشمیر اور ایک کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔ تھانہ کلاچی کی جانب سے این جی او کا نام الخدمت فاؤنڈیشن بتایا گیا ہے جبکہ درخواست گزار نے کنگ عبداللہ فلاحی تنظیم کا نام لیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق توصیف ولد اعظم سکنہ آزاد کشمیر، ٹھیکیدار جبکہ غلام مصطفٰی ولد اعظم لیبر میں شامل ہے۔ تیسرا شخص اسلام الدین ڈرائیور ہے، جو این جی او کے افراد کو گاڑی کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ تینوں افراد اسلام آباد سے آئے ہوئے تھے، جبکہ روڑی جہانگیر آباد میں جاری پراجیکٹ کے سروے کے لیے گئے اور تاحال لاپتہ ہیں۔
 
میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ تینوں افراد کا اغواء بھی طالبان کے مختلف گروپوں کی جانب سے تعمیر شدہ مکانات اور زمینوں میں حصے کی وصولی کی وجہ ہوسکتا ہے، کیونکہ علاقائی ذرائع کے مطابق تعمیر ہونیوالے مکانات اور زمینوں سے صرف ایک ہی گروپ کو نوازا جا رہا ہے۔ تھانہ کلاچی پولیس نے تحریری درخواست پر کارروائی شروع کرکے لاپتہ افراد کا کھوج شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن بھی اسی این جی او کے تعاون سے ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں تعمیرات شروع کئے ہوئے ہے۔ حال ہی میں جماعت اسلامی کا تعمیر ہونیوالا مرکز بھی قریشی موڑ، بائی پاس روڈ پر واقع ہے۔


خبر کا کوڈ: 372512

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/372512/سعودی-این-جی-او-کے-3-افراد-کلاچی-سے-لاپتہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com