پشاور،امریکہ اور اسرائیل پاکستان میں فرقہ واریت کے فروغ اور دہشت گردی کی کاروائیوں کے ذمہ دار ہیں،ایم ڈبلیو ایم،آئی ایس او
لاہور،کربلا گامے اور کوئٹہ حملے کیخلاف مظاہرہ
8 Sep 2010 14:52
اسلام ٹائمز:مقررین کا کہنا تھا کہ ایک عرصے سے وطن عزیز میں صہیونی اور امریکی ایجنٹ پاکستان بھر میں مذہبی اجتماعات کو ختم کرنے کے درپے ہیں،کہیں یہ لوگ محرم الحرام کی جلوسوں کو نشانہ بناتے ہیں،تو کہیں یوم القدس اور عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر حملے کرتے ہیں
پشاور:اسلام ٹائمز-جمعۃ الوداع یوم القدس کے موقع پر کوئٹہ میں صہیونی دہشت گردوں کی جانب سے دہشت گردانہ کاروائی کے نتیجہ میں ستر سے زائد عاشقان بیت المقدس کی شہادت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں اور آئی ایس او کے رہنماؤں۔مولانا سبیل حسن مظاہری (سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمیں پاکستان،پشاور)، مولانا ظفر نقوی،عامر عباس طوری،(صوبائی صدر آئی ایس او پاکستان،بلوچستان)، مولاتا سید عبدالحسین (وحدت کونسل)،قلندر بنگش، ڈویژنل صدر آئی ایس او پاکستان،پشاور) نے پریس کلب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایک سازش کے تحت حالات خراب کئے جا رہے ہیں اور صہیونی اور امریکی ایجنٹ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی سازش کر رہے ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سفاک دہشت گردوں نے روزہ دار عورتوں اور بچوں کو سفاکانہ طریقے سے دہشت گردی کا نشانہ بنایا اور ایک مرتبہ پھر سر زمین پاکستان پر صہیونی سفاک ظالم دہشت گردوں کی یاد تازہ کر دی،انہوں نے کہا کہ ہم اس بزدلانہ فعل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس کو پاکستان کی نام نہاد جمہوری حکومت کی واضح ناکامی کا منہ بولتا ثبوت تصور کرتے ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ایک عرصے سے وطن عزیز میں صہیونی اور امریکی ایجنٹ پاکستان بھر میں مذہبی اجتماعات کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔کہیں یہ لوگ محرم الحرام کی جلوسوں کو نشانہ بناتے ہیں،تو کہیں یوم القدس اور عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر حملے کرتے ہیں۔یہ کچھ اور نہیں بلکہ شیعہ اور سنی کو لڑانے کی سازش ہے اور یہ لوگ نہ شیعہ ہیں اور نہ ہی سنی۔لاہور اور کراچی میں شہادت حضرت علی علیہ السلام کے جلوسوں کو نشانہ بنایا گیا اور پھر کوئٹہ میں یوم القدس کی ریلی کو نشانہ بنا کر لشکر جھنگوی نے اسرائیلی اور امریکی آقاؤں کو خوش کر دیا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں یوم القدس ریلی میں دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی جانب سے زخمیوں پر فائرنگ نے صہیونی فوجیوں کی یاد تازہ کر دی۔آج ان شہداء کا خون بیت المقدس کی آزادی کے لئے قربان ہونے والے فلسطینیوں کے خون میں شامل اور ہمارے شہداء قدس و قبلہ اول کے شہداء میں شامل ہو گئے ہیں،اور آپ نے دیکھ لیا کہ ان بزدلانہ حملوں کے باوجود ملک بھر میں عزاداری کے جلوس اور یوم القدس کے جلوس اسی شان و شوکت سے برآمد ہوئے،جس شان و شوکت سے یہ ہمیشہ برآمد ہوا کرتے تھے اور عوام نے ان جلوسوں میں بھرپور شرکت کر کے ثابت کر دیا کہ پاکستانی قوم متحد ہے اور ہمارے پائے استقلال میں لغزش نہیں آئی۔کوئٹہ کے سانحے نے ثابت کر دیا کہ لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ اسرائیلی ایجنٹ ہیں۔یہ ریلی اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں نکالی گئی تھی اور اس بربریت کے باوجود ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
لاہور،کربلا گامے اور کوئٹہ حملے کیخلاف مظاہرہ
لاہور:آج نیوز کے مطابق لاہور میں کربلاگامے شاہ اور کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملوں کے خلاف امن کمیٹی کے ارکان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اسمبلی ہال چوک میں ہونے والے اس مظاہرے میں شرکاء نے کہا کہ دہشت گرد اسلام اور ملک کے دشمن ہیں جو پوری دنیا میں بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔حکومت ان کے خلاف فوری کاروائی کرے اور عام آدمی کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے۔ ملک میں امن کے قیام کے لیے سی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔پاکستان کے عوام ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گے۔بعدازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔
خبر کا کوڈ: 36632