QR CodeQR Code

پاک ایران گیس پائپ لائن پر فوری عمل درآمد کرایا جائے،علامہ عبدالخالق اسدی

1 Dec 2013 18:47

اسلام ٹائمز: صوبائی اور ضلعی لاہور کی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ شیعہ مسلمہ عقائد پر قدغن لگانے کیلئے درباری ایک بار پھر متحرک ہو چکے ہیں، ایک خاص اور اقلیتی مکتبِ فکر کے نظریات کو مکتبِ بریلوی و مکتبِ جعفریہ پر مسلط کرنے کی منظم سازش ہو رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی و لاہور ضلعی کابینہ کا مشترکہ اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی و ضلع لاہور کے تمام اراکینِ کابینہ شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں عزاداری کے جلوسوں اور مجالس میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، صوبے بھر سے ہمارے کرائسس مینجمنٹ سیل میں اس حوالے سے سینکڑوں شکایتیں موصول ہو رہی ہیں، راولپنڈی میں یکطرفہ کارروائی جاری ہے، چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ مسلمہ عقائد پر قدغن لگانے کیلئے درباری ایک بار پھر متحرک ہو چکے ہیں، ایک خاص اور اقلیتی مکتبِ فکر کے نظریات کو مکتبِ بریلوی و مکتبِ جعفریہ پر مسلط کرنے کی منظم سازش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ اور صوبائی وزیرِ قانون کے سانحہ راولپنڈی جوڈیشل کمیشن پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کی بھرپور مذمت اور راولپنڈی، ملتان، چشتیاں میں مساجد امام بارگاہوں پر حملے کرنے اور نذرِ آتش کرنے والے شرپسندوں کی فوری گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ کو غریب کش اقدام قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ اجلاس میں قومی اداروں کی نجی کاری کو عوام دشمن سوچ قرار دیتے ہوئے ایسے ظالمانہ نظام کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اجلاس میں ڈرون حملوں کو ملکی سالمیت پر حملہ اور دہشت گردوں کیخلاف فوری ریاستی طاقت کے ساتھ آپریشن کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 326454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/326454/پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-پر-فوری-عمل-درآمد-کرایا-جائے-علامہ-عبدالخالق-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com