QR CodeQR Code

عصر حاضر میں عزاداری امام حسین علیہ السلام واجب ترین عبادت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

30 Nov 2013 22:38

اسلام ٹائمز: شکریال راولپنڈی میں یوم شہادت امام سجاد (ع) کی مناسبت سے مجلس عزا سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عزاداری پر پابندی لگانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر جلوس ہائے عزا پہلے سے کہیں زیادہ جوش و خروش اور کربلائی عزم کے ساتھ نکالے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہونیوالی استعماری سازشوں کے پیش نظر عصر حاضر میں عزادای امام حسین (ع) اوجب ترین عبادت ہے، عزاداری پر پابندی لگانے کا خواب دیکھنے والے سن لیں کہ امسال چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر جلوس ہائے عزا پہلے سے کہیں زیادہ جوش و خروش اور کربلائی عزم کے ساتھ نکالے جائیں گے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم شہادت امام زین العابدین (ع) کی مناسبت سے شکریال میں نکالے گئے ماتمی جلوس کے آغاز پر منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ تاریخ شاہد ہے کہ پیغام کربلا کو نہ کبھی پہلے محدود کیا جاسکا اور نہ ہی آئندہ کوئی ایسی سازش کامیاب ہوگی، ہر دور میں کربلا کے پیروکاروں نے خون کے دریا عبور کر کے پیغام کربلا کو زندہ رکھا، انشاءاللہ کربلائے عصر میں بھی حسینی پروانے اپنے خون کا نذرانہ دیکر طاغوتی سازشوں کا راستہ روکیں گے۔ 

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران استعمار کے گماشتوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کا امن تہہ و بالا کرنے کی مذموم سازشیں کیں، کراچی میں محرم الحرام سے قبل اور محرم کے دوران عزاداروں اور عزاداری کے پروگراموں پر حملے کئے، لیکن انکے مذموم عزائم پورے نہ ہوسکے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ یوم عاشورہ کو سانحہ راجہ بازار راولپنڈی کی آڑ میں جلاؤ گھیراؤ کی پالیسی اپنائی گئی، جس کے نتیجے میں راولپنڈی، ملتان، چشتیاں اور ہارون آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مساجد اور امام بارگاہ نذر آتش ہوئے، علم پاک جلائے گئے اور ہمارے مقدسات کی بیحرمتی کی گئی، ستم ظریفی یہ ہے کہ حکومت اور حکومتی اداروں نے شدت پسند تکفیریوں کا راستہ روکنے کے بجائے انکے سرپرست بن گئے، آج حکومتی سطح پر انہیں خوش کرنے کیلئے میلاد النبی اور عزاداری سیدالشہداء کے جلوسوں کو محدود کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم عزاداری پر پابندی سمیت دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کا موجب بننے والا کوئی بھی حکومتی فیصلہ قبول نہیں کریں گے۔ ہم نے ظالم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس شہدائے کربلا سے لیا ہے اور انشاءاللہ انہیں کی راہ پر چلتے ہوئے میدان میں حاضر رہ کر یزیدان عصر کا مقابلہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 326190

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/326190/عصر-حاضر-میں-عزاداری-امام-حسین-علیہ-السلام-واجب-ترین-عبادت-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com