فضل الرحمن اور منور حسن پچاس ہزار شہداء کے قاتلوں کو بچانا چاہتے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
30 Nov 2013 21:37
اسلام ٹائمز: ضلع لاہور کے امیدواران و کارکنان سے خطاب میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ بہت جلد پچاس ہزار شہداء کے لواحقین دہشتگردوں کے حامیوں کیخلاف سڑکوں پر نکلیں گے، پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ افتخار محمد چوہدری کو ریٹائرمنٹ کے بعد چیئرمین نیب بنایا جائے، ڈرون حملے بند کروانے کے لیے ڈالر لینا بند کرنا ہوں گے، حکومت امراء کو ریلیف اور غرباء کو تکلیف کے فارمولے پر عمل پیرا ہے، عدلیہ لاپتہ افراد کی طرح پچاس ہزار شہداء کے ورثاء کے زخموں پر بھی مرہم رکھے اور گرفتار دہشتگردوں کو سزائیں سنائے، ڈرون حملوں سے بچنے کے لیے ملکی و غیرملکی دہشتگردوں کے خلاف خود کارروائی کرنا ہوگی، کالے دھن کو سفید کرنے کی اجازت سے بگاڑ پیدا ہوگا، حکومتی رٹ ختم ہونے کی وجہ سے عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے امیدواران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے کی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نئے آرمی چیف کو ملک کو اندرونی و بیرونی دشمنوں سے نجات دلانا ہوگی، معاشی مشکلات کے خدشے کو امریکی غلامی کا جواز بنانا ایمان کی کمزوری ہے، ہمارے حکمران امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، کرپشن ختم ہو جائے تو امریکی امداد کی ضرورت نہیں رہے گی، فضل الرحمن اور منور حسن پچاس ہزار شہداء کے قاتلوں کو بچانا چاہتے ہیں۔ نجی عسکری گروپ ختم نہ کیے گئے تو ہر مکتبۂ فکر اپنے تحفظ کے لیے مسلح ہونے پر مجبور ہوگا۔ بہت جلد پچاس ہزار شہداء کے لواحقین دہشتگردوں کے حامیوں کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے، پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے، جنرل اشفاق پرویز کیانی قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھے جائیں گے، امریکہ کے توسیع پسندانہ عزائم دنیا میں بدامنی کا سبب ہیں، قوم ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف حکومتی کارروائی کی منتظر ہے۔
خبر کا کوڈ: 326175