اسلام ٹائمز۔ آئی ایس او پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کے موقع پر ’’بین الاقوامی اسلامی بیداری کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مسؤل دفتر رہبری آیت اللہ محسن قمی نے کہا کہ آج عالمی استعمار پوری دنیا میں رسوا ہو چکا ہے اور اس کے مظالم پوری دنیا میں عیاں ہو چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اپنی رسوائی کے غم میں ہی استمار اپنی موت خود مرتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ باعث فخر ہے کہ میں آج پاکستان کے صالح نوجوانوں کے اجتماع میں رہبر معظم کی نمائندگی کر رہا ہوں، میں رہبر معظم کے حوالے سے جو آپ کی جذبات ہیں ان کی قدر کرتا ہوں اور اس حوالے سے بتاتا چلوں کہ آپ کے لئے رہبر معظم کے جذبات بھی اسی طرح کے ہیں جس طرح کے آپ کے جذبات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کی جذبات رہبر معظم تک ضرور پہنچاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ جیسے نوجوان لائق تحسین ہیں جو تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، بالخصوص ترویج اسلام میں آپ کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنی اہمیت کو سمجھیں اور اس پلیٹ فارم کی اہمیت کو بھی ملحوظ رکھیں جس سے آپ سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن نے دو طاقتوں کا ذکر کیا ہے، جو ہمیشہ سے ایک دوسرے کے مدمقابل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم (ص) کے مدمقابل ابوجہل تھا، حضرت علی علیہ السلام کے مقابلہ میں معاویہ آیا، امام حسین علیہ السلام نے یزید کا مقابلہ کیا اور امام خمینی (رہ) کو اسرائیل اور امریکہ کا سامنا تھا لیکن ہمیشہ حق پرست ہی فاتح ٹھہرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باطل اپنے زعم میں اس قدر اندھا ہے کہ اگر ایک طرف دنیا کے دو سو ممالک ہوں اور دوسری جانب اکیلا امریکہ ہو تو دو سو ممالک کے موقف کو جھٹلا کر امریکہ کے موقف کی تائید کر دی جائے گی، اس وقت دنیا کے 75 فیصد میڈیا پر امریکہ کی اجارہ داری ہے، یہ وہ تفریق ہے جو دنیا کو تقسیم کرتی ہے۔ 70 سال ہو گئے فلسطینیوں کو ان کی زمین سے نکال دیا گیا وہاں ایک ناجائز ریاست قائم کردی گئی ۔ اس باطل ریاست کے خلاف حزب اللہ لبنان نے قیام کیا اور اسے شکست دے دوچار کر دیا۔ دنیا میں حق پرستوں کی رہبری سید علی خامنہ ای کے پاس ہے۔ یہ فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ آپ کس قوت کا ساتھ دیں گے، قرآن کی رو سے کوثر والے گروہ کا یا تکاثر گروہ، یقیناً آپ کی حمایت کوثر والے گروہ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں سے یہی کہوں گا کہ اپنی راہ متعین کریں، آج استعمار اس لئے اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام ہے کہ وہ نوجوان نسل کو تسخیر نہیں کر سکا، آپ جیسے صالح نوجوانوں نے اس کے عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں لہذا آپ اپنے دوستوں کی بھی تربیت کریں اور انہیں بھی نظریاتی اور فکری طور پر اتنا مضبوط بنا دیں کہ استعمار کی کوئی سازش ان کے ذہن خراب نہ کر سکے۔
آیت اللہ محسن قمی نے کہا کہ نوجوان تعلیمی میدان میں ترقی کریں اور ٹیکنالوجی کو اپنے ہاتھ میں لے لیں۔ آپ نے دیکھا کہ ملت ایران کے جوانوں نے ڈرون اتار لیا، حزب اللہ کے جوانوں نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی کو مات دیدی۔ انہوں نے کہا کہ استعمار اسرائیل کو تحفظ دینے کے لئے شیعہ سنی فسادات کرواتا ہے، لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ ہمارے سنیوں، بریلویوں اور سلفیوں کیساتھ کوئی بنیادی اختلافات نہیں، ہاں ایک گروہ سے اختلاف ہے وہ ہے تکفیری گروہ جو اسلام کا چہرہ مسخ کر رہا ہے، جو بچوں اور عورتوں کو نشانہ بناتا ہے اور اسلام کی بدنامی کا باعث بنتا ہے ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعمار ہمیں پابندیوں سے ڈراتا ہے لیکن ہمیں کوئی پرواہ نہیں، ہم اپنے موقف میں ڈٹے ہوئے ہوئے ہیں ،ہمیں پتہ ہے کہ ہم حق پر ہیں، اور اس کے لئے ہم ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ کانفرنس سے ممتاز دانشور سید علی مرتضٰی زیدی، آئی ایس او کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔