QR CodeQR Code

مرکزی کنونشن نوجوانواں کیلئے رائے سازی میں سنگ میل ثابت ہوگا، اطہر عمران

26 Sep 2013 19:53

اسلام ٹائمز: مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا دیگر رہنما کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ کونشن میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات خصوصی طور پر علمائے کرام، سیاستدان، دانشور، ماہرین تعلیم اور طلبہ رہنما شریک ہوں گے۔


 اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر، نائب صدر ابوذر مہدی اور دیگر رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس او پاکستان اس سال ’’اُمید مستضعفین جہاں‘‘ کے عنوان سے اپنا مرکزی کنونشن منعقد کر رہی ہے، یہ کنونشن ملت کے باشعور نوجوانوں میں جوش اور جذبے کا سبب بنے گا اور اُن کی عملی زندگی میں رہنمائی بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں استقبالہ کیمپ لگائے گئے تھے جن میں باہر سے آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا، کنونشن کل سے شروع ہوگا جو کہ اتوار کی شام تک جاری رہے گا، کنونشن کے اہم پروگراموں میں عالمی اسلامی بیداری کانفرنس ہے، جس کے بعد شب شہداء کی نشست ہوگی، جس میں شہداء کے خانوادگان اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آخری روز اتوار کو آئی ایس او پاکستان کے نئے میرکارواں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، کونشن میں ملکی و غیر ملکی اہم شخصیات خصوصی طور پر علمائے کرام، سیاستدان، دانشور، ماہرین تعلیم اور طلبہ رہنما شریک ہوں گے، عالمی شخصیات میں آیت اللہ خامنہ ای کے دفتر کے انچارج آیت اللہ محسن قمی اور شام میں آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے آیت اللہ سید مجتبٰی حسینی شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن کی تقریبات کے بعد ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک ’’حمایت مظلومین جہاں ریلی‘‘ نکالی جائے گی، کنونشن کی سکیورٹی کے انتظامات کے لیے امامیہ اسکاؤٹس نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، ریلی کے اختتام پر نومنتخب مرکزی صدر اسمبلی ہال کے سامنے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کا یہ کنونشن عالمی حالات کے تناظر اور ملکی صورتحال کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کنونشن میں عالمی اُمور کے ماہرین اور دانشور بین الاقوامی صورتحال کے حوالے سے اُمت مسلمہ بالخصوص نوجوانوں کی ذمہ داریوں کی حوالے سے خطاب کریں گے۔

اطہر عمران نے کہا کہ ہمارا یہ مرکزی کنونشن نوجوانواں کی رائے سازی میں سنگ میل ثابت ہوگا، نوجوانوں کو بتائے گا ’’یوتھ‘‘ کے نام پر سیاسی جماعتیں کس طرح نوجوانوں کو اپنے مفادات کی خاطر استعمال کرتی ہیں، اس حوالے سے نوجوانوں کی فکری تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ہتھکنڈوں میں آکر استعمال نہ ہوں، کسی بھی ملک یا قوم کا مستقبل اُس کی نوجوان نسل ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل عالمی استعماری قوتوں کا نشانہ بنی ہوئی ہے اور منظم سازشوں کے تحت نوجوان نسل کو تباہی کے راستے پر ڈال کر ملک کا مستقبل مخدوش کرنے کی گھناؤنے پروگرام پر عمل کیا جا رہا ہے، جس میں ہمارے بعض سیاستدان بھی استعمار کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ آئی ایس او نوجوانوں کی فکری تربیت کرکے انہیں استعمار کا مقابلہ کرنے کے قابل بنا رہی ہے۔ یہ کنونشن نوجوان نسل کی ترقی اور فکری بالیدگی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 305705

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/305705/مرکزی-کنونشن-نوجوانواں-کیلئے-رائے-سازی-میں-سنگ-میل-ثابت-ہوگا-اطہر-عمران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com