QR CodeQR Code

قیام امن کیلئے نواز حکومت کی کارکردگی بھی صفر ہے، ردا فاطمہ

15 Sep 2013 21:12

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں ایم کیو ایم حقیقی خواتین ونگ کی آرگنائزر نے کہا کہ ماضی کی حکومت کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے نواز حکومت بھی دہشت گردوں سے مفاہمت اور ان کیلئے نرم گوشہ رکھے ہوئے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کی خواتین ونگ کی آرگنائزر ردافاطمہ نے کہا ہے کہ طویل وقت سے شہر قائد دہشت گردوں اور قاتلوں کے نرغے میں ہے۔ متحدہ نے کراچی کی معصوم عوام کو بندوق کی نوک پر یرغمال رکھا ہوا ہے۔ اپنی ذاتی خواہشات کی تکمیل کیلئے قتل و غارتگری، بھتہ خوری اور دہشت گردی کے ذریعے معصوم لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ آج عوام کے کسی مسئلے کا کوئی حل حکمرانوں کے پاس نہیں، صرف امن کے نام پر لوگوں کو لالی پاپ دیا جا رہا ہے جبکہ کراچی میں قیام امن کیلئے نواز حکومت کی کارکردگی بھی صفر ہے۔ عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں ردا فاطمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کراچی میں قیام امن کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتی۔ ماضی کی حکومت کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے نواز حکومت بھی دہشت گردوں سے مفاہمت اور ان کیلئے نرم گوشہ رکھے ہوئے ہے جس سے دہشت گرد جماعت متحدہ کے حوصلے مزید بلند ہوتے دیکھائی دے رہے ہیں۔
 
ردا فاطمہ نے کہا کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی گورنر سندھ اور سابقہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ سے ٹیلی فونک رابطے نے عوام میں تشویش کی ایک نئی لہر کو جنم دے دیا ہے۔ قاتل گورنر سندھ اور شہر میں نیٹو کا اسلحہ تقسیم کرنے والوں کی منت سماجت کرنا نواز حکومت کو زیب نہیں دیتا لہٰذا نواز حکومت ایسے اقدامات سے گریز کرے جو عوامی امیدوں کے برعکس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں مہاجر خاندانوں عرصہ بارہ سالوں سے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ ہمیں جبراً علاقوں سے نکالا گیا ہمارے کئی کارکنان کو شہید کر دیا گیا اور ان علاقوں کو ہمارے لئے نو گو ایریاز بنا دیا گیا۔ ہمیں بتایا جائے کیا ہم اس ملک کے شہری نہیں یا ہمیں جینے کا کوئی حق نہیں تو آخر ہمارے مسائل کو حکومت سنجیدگی سے کیوں نہیں لیتی۔ ردا فاطمہ نے مزید کہا کہ مہاجر خاندانوں کی بحالی حکومت کی اہم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے اس سے منہ پھیرنا سینکڑوں مہاجر خاندانوں کی حق تلفی کے مترادف ہوگا لہذا وفاق اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ علاقہ بدر مہاجر خاندانوں کو جلد از جلد اپنے علاقوں میں پہنچایا جا سکے اور وہ اپنی مرضی و منشاء کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 302056

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/302056/قیام-امن-کیلئے-نواز-حکومت-کی-کارکردگی-بھی-صفر-ہے-ردا-فاطمہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com