حقانی نیٹ ورک کے اہم کمانڈر مُلا سنگین زدران ڈرون حملے میں ہلاک
6 Sep 2013 21:17
اسلام ٹائمز:متعدد مقامی ذرائع اور حکام نے اس سلسلے میں تصدیق کی ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب واقع درگو منڈی میں ہونے والے حملے میں ملا سنگین اپنے پانچ ساتھیوں سمیت مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں چار غیر ملکی بھی بتائے جاتے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی حکام کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے میں جو افراد ہلاک ہوئے ہیں ان میں حقانی نیٹ ورک کے اہم کمانڈر ملا سنگین زدران بھی شامل ہے۔
متعدد مقامی ذرائع اور حکام نے اس سلسلے میں تصدیق کی ہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب واقع درگو منڈی میں ہونے والے حملے میں ملا سنگین اپنے پانچ ساتھیوں سمیت مارے گئے ہیں۔ مرنے والوں میں چار غیر ملکی بھی بتائے جاتے ہیں۔ تاہم حقانی نیٹ ورک نے ابھی تک ملا سنگین کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاس ڈرون حملے میں ملا سنگین کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں اور یہ کہ ڈرون حملے پر اپنا رد عمل وہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔ جبکہ دفتر خارجہ نے ڈرون حملے پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ڈرون حملوں نے دو ملکوں کے درمیان تعلقات کی خطرناک مثالیں قائم کر دی ہیں اور حملوں سے خطے میں امن و استحکام کو بھی نقصان پہنچے گا۔
دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈرون حملے اور اس میں ایک اہم کمانڈر کی ہلاکت سے طالبان اور حکومت پاکستان کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات متاثر بالکل ناکام ہوسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 299335