دہشتگردی جیسے مسئلے کے حل کیلئے نئی اور انقلابی حکمت عملی ترتیب دی جائے، عمران خان
3 Sep 2013 23:15
اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ اگر حکومت سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اس مسئلے کے حل میں مخلص ہے تو پاکستان تحریک انصاف اپنی تجاویز دینے کیلئے تیار ہے۔
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کی صورتحال پر اجلاس میں تحریک انصاف کو مدعو نہیں کیا گیا، لیکن اس کے باوجود امن کیلئے وہ تمام قوتوں سے ملکر کام کرنے کو تیار ہیں۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ کراچی میں دو دہائیوں سے خون ریزی جاری ہے، مسئلہ فوری توجہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکے بعد دیگرے آنے والی تمام حکومتیں مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہیں، ماضی کی حکومتوں میں صلاحیت تھی اور نہ ہی سیاسی ارادہ تھا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت آچکا ہے کہ کراچی میں دہشت گردی جیسے مسئلے کے حل کیلئے نئی اور انقلابی حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اس مسئلے کے حل میں مخلص ہے تو پاکستان تحریک انصاف اپنی تجاویز دینے کیلئے تیار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا اور مسلح عناصر کو غیر مسلح کرنا ہوگا جبکہ سیاسی جماعتوں میں مسلح ونگز کا خاتمہ بھی انتہائی ناگزیر ہے۔ اس سے سپریم کورٹ کے حکم ناموں پر بھی عملدرآمد ممکن ہوسکے گا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم کی زیر صدارت کراچی کی صورت حال پر اجلاس میں شرکت نہیں کرسکی، جس کی وجہ یہ تھی کہ ان کی جماعت کو باضابطہ طور پر نمائندگی کی دعوت نہیں دی گئی۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف امن کے قیام اور کراچی کی صورتحال کی بہتری کیلئے تمام قوتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
خبر کا کوڈ: 298290