QR CodeQR Code

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن واحد آپشن

پنجاب حکومت پنجابی طالبان ختم کرنے میں ناکام رہی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

30 Jun 2013 17:43

اسلام ٹائمز: لاہور میں فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکہ کیخلاف حقیقی جہاد شروع ہوا تو صوفیاء کے ماننے والے سب سے آگے ہونگے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن واحد آپشن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکہ گریٹر بلوچستان کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور بلوچستان کی علیحدگی کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے، حکمران امریکہ سے دب کر نہیں ڈٹ کر بات کریں، سر اٹھانے کا وقت آ گیا ہے، دہشت گرد ہر روز پاکستان کے چہرے پر تیزاب پھینکتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن واحد آپشن ہے، ہر غریب گھر نئی حکومت کے معاشی دھماکے سے لرز رہا ہے، وہائٹ ہاؤس کی چاکری کرنے والے وطن فروش ہیں، افغانستان امریکہ کے لیے ویتنام ثابت ہوا ہے، اہل حق انقلابِ نظامِ مصطفٰی کے راستے کی ہر دیوار گرا دیں گے، امریکہ کے خلاف حقیقی جہاد شروع ہوا تو صوفیاء کے ماننے والے سب سے آگے ہوں گے، حکومت کالعدم تنظیموں کے نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے پوری ریاستی طاقت استعمال میں لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں ’’تحفظِ پاکستان کے تقاضے اور ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
فکری نشست سے مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مختار احمد ندیم، پیر محمد اطہرالقادری نے بھی خطاب کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نئے حکمرانوں کا بھاری مینڈیٹ عوام کے لیے بھاری ثابت ہو رہا ہے، موجودہ حکومت کے پندرہ دنوں میں دہشت گردی کے 9 بڑے واقعات ہوچکے ہیں، ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان اعتماد سازی کے بغیر دہشت گردی کے خلاف کوئی معرکہ نہیں جیتا جاسکتا، لوڈشیڈنگ نے عوام کا سکھ چین چھین لیا ہے، طاقتوروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی روایت شروع نہ ہوئی تو قانون کی حکمرانی کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاہمت حکومتی مدت پر نہیں بلکہ قومی ایشوز پر ہونی چاہیے، آمروں کو قومی مجرم قرار دینے کی قرارداد قومی اسمبلی سے منظور کی جائے، حکمران تیزی سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں، بندوق کے زور پر شریعت کے نفاذ کی سوچ گمراہ کن ہے، جنرل مشرف کے مارشل لاء کی توثیق کرنے والے ججوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، پنجاب حکومت پنجابی طالبان ختم کرنے میں ناکام رہی ہے، افغانی طالبان اور پاکستانی طالبان کا ایجنڈا مختلف ہے، افغانی طالبان اپنے وطن کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ پاکستانی طالبان ظالمان ہیں، بے گناہوں کا خون بہا کر رمضان المبارک کا استقبال کرنے والوں نے اللہ کے عذاب کو دعوت دی ہے، سفاک اور بے رحم قاتل خدائی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔


خبر کا کوڈ: 278260

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/278260/پنجاب-حکومت-پنجابی-طالبان-ختم-کرنے-میں-ناکام-رہی-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com