QR CodeQR Code

فلسطین مسلح مزاحمت اور جہاد سے آزاد ہوگا، اسرائیل کو ہرگز تسلیم نہیں کرینگے، خالد مشعل

9 Dec 2012 00:35

اسلام ٹائمز: حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ ناجائز قبضہ، یہودی بستیوں کی تعمیر، یہودی سازی اور محاصرہ سب باطل ہیں۔ عنقریب تحریک مزاحمت ان سب کو اپنے پاوں تلے روند دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل نے آج غزہ میں حماس کے پچیسویں یوم تاسیس کے جشن میں ہزاروں فلسطینیوں کے پر جوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس ہرگز اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گی۔ فارس نیوز کے مطابق خالد مشعل نے حماس کے یوم تاسیس کی پچیسویں سالگرہ کے جشن سے خطاب کرتے ہوئے تاکید کی کہ چاہے جتنی بھی مدت گزر جائے، حماس کسی صورت میں بھی صیہونی حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین نہر سے بحر تک ہمارا ہے اور اس کے چپے چپے کو صیہونی حکومت کے ناجائز قبضے سے آزاد کروائیں گے۔

حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ ناجائز قبضہ، یہودی بستیوں کی تعمیر، یہودی سازی اور محاصرہ سب باطل ہیں، عنقریب تحریک مزاحمت ان سب کو اپنے پاوں تلے روند دے گی۔ فلسطین کی آزادی واجب، ایک حق اور ہمارا ہدف و مقصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی کے لئے کوشش کرنا فلسطینی قوم، ملت عربی اور امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ خالد مشعل نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق واپس لینے کا حقیقی اور درست راستہ مسلح مزاحمت اور جہاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست نے تحریک مزاحمت کے بطن سے جنم لیا ہے اور اس کے لئے ہم تحریک مزاحمت اور اس کے عسکری ونگ کے رہنماوں کے شکر گزار ہیں۔
 
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے تمام اسلامی اور عربی ممالک سے مطالبہ کیا کہ فلسطین میں مسلح مزاحمت اور جہاد کی حمایت کریں۔ عرب اور اسلامی ممالک کے سربراہوں کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک مزاحمت کو آپ کی مالی مدد اور آپ کے ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے اقوام متحدہ کی طرف رجوع کرنے کے بارے میں خالد مشعل کا کہنا تھا کہ ان کا یہ اقدام اچھا تھا، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ وہ قومی صلح کے پروگرام کی حمایت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں حقیقی صلح اور اختلافات کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ تمام فلسطینی گروہوں کو مخاطب کرتے ہوئے خالد مشعل کا کہنا تھا کہ آئین حقیقی صلح اور وحدت ملی قائم کریں اور دھڑے بندی کے سیاہ صفحات کو ختم کر دیں۔
 
حماس کے رہنما کا کہنا تھا کہ قومی صلح یعنی ایک سیاسی نظام، ایک حکومت، ایک سربراہ، ایک وزیراعظم، آئین سازی کے لئے ایک پارلیمنٹ، قدس کی آزادی اور فلسطینی مہاجرین کی اپنے اصلی وطن واپسی کے حق کیلئے ایک مشترکہ قیادت۔ خالد مشعل کا کہنا تھا کہ حماس انتخابات، ان میں تمام فلسطینوں کی بھرپور شرکت اور پورے فلسطین کے لئے ایک قومی حکومت کی تشکیل سے متفق ہیں۔


خبر کا کوڈ: 219349

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/219349/فلسطین-مسلح-مزاحمت-اور-جہاد-سے-آزاد-ہوگا-اسرائیل-کو-ہرگز-تسلیم-نہیں-کرینگے-خالد-مشعل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com