حماس کے سیاسی دفتر کے سربرہ خالد مشعل کا 45 سال بعد غزہ کا دورہ
7 Dec 2012 19:03
اسلام ٹائمز: رفح گذرگاہ پر فلسطین کے منتخب وزیراعظم اسماعیل ھنیہ سمیت حماس کے دیگر اراکین اور غزہ کے عوام نے خالد مشعل کا شاندار استقبال کیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز نے الجزیرہ نیوز ایجنسی کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل چند لمحے پہلے رفح گذرگاہ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے ہیں، میڈیا کو جاری تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خالد مشعل جوں ہی غزہ میں داخل ہوئے تو فوراً ہی وہ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہو گئے۔ خالد مشعل کل قطر ایئرلائن کے ایک جہاز کے ذریعے مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے تھے، جہان انہوں نے کئی مصری حکام سے ملاقات کی۔ آج وہ رفح گزرگاہ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے ہیں، جہاں وہ حماس کے پچیسویں یوم تاسیس کے جشن میں شرکت کریں گے۔ خالد مشعل کی بیوی اور ان کی خاندان کے دیگر 14 افراد بھی کل کے غزہ پہنچ چکے ہیں۔ رفح گذرگاہ پر فلسطین کے منتخب وزیراعظم اسماعیل ھنیہ سمیت حماس کے دیگر اراکین اور غزہ کے عوام نے خالد مشعل کا شاندار استقبال کیا ہے۔ حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کا غزہ کا یہ دورہ دو روزہ ہے۔ یاد رہے کہ چند دن پہلے ہی صیھیونی حکومت کی 8 روزہ جارحیت کے نتجے میں غزہ میں 117 نہتے، مظلوم اور بے گناہ فلسطینی شہید اور 1400 کے لگ بھگ زخمی ہوگئے تھے۔
دیگر ذرائع کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خالد مشعل پینتالیس سال بعد غزہ پہنچ گئے۔ جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے حماس کے پچیسویں یوم تاسیس کی تقریبات میں شرکت کے لیے غزہ کے دورے کا اعلان کر رکھا تھا۔ خالد مشعل کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں۔ وہ ایسے وقت میں غزہ پہنچے ہیں، جب اقوام متحدہ نے فلسطین کو ایک مبصر ریاست کا درجہ دے دیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں حماس حکومت نے خالد مشعل کے دورے کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ خالد مشعل مختلف عرب ملکوں میں جلا وطنی کی زندگی بسر کرتے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 218889