بیت المقدس کو صیہونی چنگل سے آزاد کرانے کے لئے مذاکرات بےسود ہیں، سید حسن نصراللہ
5 Mar 2012 00:56
اسلام ٹائمز:حزب اللہ کے سربراہ نے امام خمینی رہ کی طرف سے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعے کو روز قدس قرار دیئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر قدس کاز کے جاری رہنے کی ایک علامت ہے۔
اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے بیت المقدس کی یہودی سازی کی مخالفت اور اس شہر کو صیہونی چنگل سے آزاد کرانے پر تاکید کی ہے۔ المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سید حسن نصراللہ نے آج قدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کو خطرہ لاحق ہے اور اہل عالم کو اس کی حفاظت کے لئے اور اسکو نابودی سے بچانے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیئے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ صیہونی حکومت بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت بنانے پر تلی ہوئی ہے اور اسے صیہونی چنگل سے آزاد کرانے کے لئے مذاکرات بےسود ہیں لہذا بیت المقدس کو آزاد کرانے کی واحد راہ ایران سے لیکر شام تک صرف مزاحمت ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حلقے بیت المقدس کو آزاد کرانے میں ناکام ہو چکے ہیں اسی وجہ سے قدس ایک اہم مسئلے کی حیثیت سے باقی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے امام خمینی رح کی طرف سے ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعے کو روز قدس قرار دیئےجانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر قدس کاز کے جاری رہنے کی ایک علامت ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ قدس کو تباہ کرنے اور اس شہر سے فلسطینیوں کو ترک وطن پر مجبور کرنے کی صیہونی پالیسیوں میں آئے دن تیزی آ رہی ہے، لہذا بیت المقدس کو فوری طور پر آزاد کرانا ضروری ہے اور اسکی یہودی سازی سے بھی مقابلہ کیا جانا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ: 142939