QR CodeQR Code

برطانوی پارلیمنٹ میں کانفرنس کا انعقاد، مقررین کا جموں و کشمیر میں فوری رائے شماری کا مطالبہ

6 Feb 2025 10:54

اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کے بحران سے نمٹنے کے لیے فوری عالمی مداخلت پر زور دیا۔ کانفرنس کی صدارت ممبر پارلیمنٹ اینڈریو پیکس نے کی جبکہ میزبانی آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر فہیم کیانی نے کی۔


اسلام ٹائمز۔ یوم یکجہتی کشمیر کے تناظر میں برطانوی پارلیمنٹ میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر مقررین نے جموں و کشمیر میں فوری رائے شماری کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز (بدھ) کو ہونے والی کشمیر یکجہتی کانفرنس میں برطانوی قانون سازوں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور کشمیر کاز کے عالمی حامیوں کو اکٹھا کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کے بحران سے نمٹنے کے لیے فوری عالمی مداخلت پر زور دیا۔ کانفرنس کی صدارت ممبر پارلیمنٹ اینڈریو پیکس نے کی جبکہ میزبانی آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی آئی کے سی سی) کے صدر فہیم کیانی نے کی۔ حاضرین میں ممتاز برطانوی پارلیمنٹیرینز میں پال وا ایم پی، ایما رینالڈز ایم پی، افضل خان ایم پی، ایوب خان ایم پی، تان دیسی ایم پی، اور عدنان حسین ایم پی شامل تھے۔ ارکان پارلیمنٹ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ اینڈریو پیکس نے کہا کہ کشمیری عوام کی حالت زار کو طویل عرصے سے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ ہمیں انسانی حقوق کو برقرار رکھنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔

کانفرنس میں پیش کی گئی قرارداد میں بھارت کی طرف سے اگست 2019ء اور اس کے بعد کے گئے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی گئی جن کا مقصد مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ فہیم کیانی نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس کا نوٹس لے۔ اے پی آئی کے سی سی کے نائب صدر راجہ سکندر خان، انعام الحق، کلر ماجد حسین، کلر زینب راجہ، شینی حامد، ریحانہ علی، شاہد راجہ، ڈاکٹر یوسف رمزے اور دیگر نے خطہ میں انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دینے پر زور دیا۔ مقررین نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں فوری طور پر رائے شماری کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 1188939

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1188939/برطانوی-پارلیمنٹ-میں-کانفرنس-کا-انعقاد-مقررین-جموں-کشمیر-فوری-رائے-شماری-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com