QR CodeQR Code

کشمیری عوام کو انکے قسمت کا فیصلہ کرنیکا حق دیا جائے، علامہ مقصود ڈومکی

5 Feb 2025 19:56

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے۔ ہم نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کہ امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کے دل مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیر ہماری شہ رگ حیات ہے، اور ہم کبھی بھی کشمیری عوام کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں سٹی آف نالج پبلک اسکول کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی تھے، جبکہ اعزازی مہمان ایم ڈبلیو ایم شعبہ عزاداری ونگ کے صوبائی نائب صدر سید غلام شبیر نقوی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی رہنماء مولانا منور حسین سولنگی اور آئی ایس او یونٹ جیکب آباد کے صدر اظہار الحسن تھے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کشمیر کے اندر انڈیا کی ظلم اور بربریت ختم ہونی چاہئے۔ کشمیری عوام کو ان کے قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر میں استثواب رائے اور ریفرنڈم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مظلوموں کی حامی جماعت ہے۔ ہم نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ انڈیا کو یہ بات سمجھ جانی چاہئے کہ وہ زیادہ عرصہ تک کشمیر میں ظلم اور جبر کے ذریعے حاکمیت قائم نہیں رکھ سکتا۔ ہم کشمیری عوام کی جدوجہد اور شہدائے آزادی کشمیر کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب سے دیگر مہمان سید غلام شبیر نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے اور ہم امت مسلمہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی مظلوم کشمیریوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کریں۔


خبر کا کوڈ: 1188835

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1188835/کشمیری-عوام-کو-انکے-قسمت-کا-فیصلہ-کرنیکا-حق-دیا-جائے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com