QR CodeQR Code

کابینہ میں میری واپسی کا امکان بڑھ گیا ہے، مستعفی صیہونی وزیر داخلہ

5 Feb 2025 13:07

اپنے ایک بیان میں ایتمار بن گویر کا کہنا تھا کہ غزہ کا واحد حل وہاں کے باشندوں کو نقل مکانی کی ترغیب دلانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر "ڈونلڈ ٹرامپ" نے کہا کہ امریکہ، غزہ کی پٹی کا کنٹرول خود سنبھالے گا۔ جس پر متعدد اسرائیلی حکام نے خوشی کے شادیانے بجانا شروع کر دئیے۔ اسی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مستعفی صیہونی وزیر داخلہ "ایتمار بن‌ گویر" نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ اقدام امریکہ کے ساتھ خوبصورت دوستی کی شروعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے متعدد مسائل پر بہت اہم گفتگو کی ہے۔ غزہ کا واحد حل وہاں کے باشندوں کو نقل مکانی کی ترغیب دلانا ہے۔ ایتمار بن گویر نے کہا کہ جنگ کے دوران میں نے بارہا اسی حل کی جانب توجہ دلائی مگر سب نے میرا مذاق اڑایا۔ تاہم اب یہ مسئلہ سب کو سمجھ آ چکا ہے۔ واضح رہے کہ ایتمار بن گویر ان صیہونی وزراء میں سے ہیں جو حماس کے ساتھ جنگ بندی کے مخالف ہیں۔

نیز انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد احتجاجاََ اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ لیکن حالیہ امریکی صدر کے بیان پر ان کا کہنا ہے کہ کابینہ میں میری واپسی کا امکان بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم "نتین یاہو" سے اس بے بنیاد خواہش کا اظہار کیا کہ وہ جس قدر جلد ممکن ہو جبری نقل مکانی کے اس منصوبے کو پارلیمنٹ سے منظور کروائیں اور عملی طور اس کا فوری آغاز کریں۔ دوسری جانب فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے پولیٹیکل بیورو "عزت الرشق" نے ڈونلڈ ٹرامپ کے اس متنازعہ و غیر منصفانہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کوئی صاف میدان نہیں کہ جس کا دل چاہے اس کا کنٹرول سنبھالنے کا ارادہ کرتا پھرے بلکہ یہ قبضہ کئے گئے فلسطین کا ایک حصہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1188745

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1188745/کابینہ-میں-میری-واپسی-کا-امکان-بڑھ-گیا-ہے-مستعفی-صیہونی-وزیر-داخلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com