QR CodeQR Code

مودی حکومت نے جو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے اقوام متحدہ اسے بحال کروائے، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن 

5 Feb 2025 08:39

ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ایس او کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آزادی کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام عالم کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے۔ 


اسلام ٹائمز۔ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پنجاب کے ناظم حیدر معاویہ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ساوتھ پنجاب حکومت وقت کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے اس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا، چونکہ اظہارِ یکجہتی کا مقصد کشمیر میں بھارت کا قبضہ اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کی مزاحمتی جدوجہد کی حمایت ہے، اس پر مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن بھارتی تسلط اور کشمیر میں جاری بربریت کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور نہتے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کے ساتھ ساتھ جو بچے بوڑھے نوجوان اور عورتیں بھارتی فوج کی بربریت سے شہید ہوئے مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جبکہ ایم ایس او پاکستان کا ہر کارکن کشمیر کی آزادی اور استحکام پاکستان کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایم ایس او پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور آزادی کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ہمارا مطالبہ ہے کہ اقوام عالم کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے، مودی حکومت نے جو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے اقوام متحدہ اسے بحال کروائے، اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت تسلیم کر کے ان کی منشا کے مطابق فیصلہ کرے۔

اقوام متحدہ بھارت میں بے گناہ قید حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ کشمیر کاز کے لیے بنائی گئی کمیٹی کو فعال کیا جائے اور کشمیر کو ان کا حق دلوانے کے لیے اپنی جدوجہد تیز کرے، پریس کانفرنس میں ناظم ملتان محمد اسامہ، ناظم اطلاعات عثمان علی شاہ، ناظم عمومی ملتان حذیفہ قریشی، ناظم مالیات ملتان معاویہ، ابوبکر، خلیل الرحمن شارف ناظم عمومی بی زیڈ یو، محمد حسان و دیگر رہنما موجود تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پانچ فروری پوری قوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے طور پر منا رہی ہے اسی سلسلے میں آج مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملک بھر میں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پریس کانفرنسز، ریلیز اور سیمینار کا انعقاد کر رہی ہے۔

 


خبر کا کوڈ: 1188698

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1188698/مودی-حکومت-نے-جو-کشمیر-کی-خصوصی-حیثیت-ختم-ہے-اقوام-متحدہ-اسے-بحال-کروائے-مسلم-سٹوڈنٹس-آرگنائزیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com