یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مظفر آباد میں مشعل بردار ریلی
5 Feb 2025 08:08
ذرائع کے مطابق ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد اور دیگر حریت رہنمائوں، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی اور پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر نے کی۔
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ اور پاسبان حریت کے زیراہتمام مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد اور دیگر حریت رہنمائوں، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی اور پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر نے کی۔ ریلی میں نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارت کے خلاف اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں سے نوجوان بائیکرز کی ریلی کوہالہ پہنچ گئی۔ لاہور اور دیگر شہروں سے سو سے زائد بائیکرز کے کوہالہ پہنچنے پر الپائن کلب کے صدر نثار احمد شائق اور چیئرمین پاسبان حریت جموں و کشمیر عزیر احمد غزالی نے ان کا استقبال کیا۔ کشمیر یونائیٹڈ مومنٹ کے رہنما صہیب کشمیری، سماجی رہنما مہتاب اشرف، اسٹنٹ کمشنر دھیر کوٹ، اسسٹنٹ کمشنر گلیات اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
بائیکرز ریلی کی قیادت ناصر شاہ، خالد چیمہ اور راجہ عبد الواحد ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔ بعد میں بائیکرز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کوہالہ پل سے پیدل مارچ کیا۔ ریلی میں شریک شہریوں نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم لہرائے۔ انہوں نے آزادی کشمیر کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ راجہ نثار احمد شائق نے اس موقع پر کہا ہم ینگ بائیکرز ایسوسی ایشن کے صدر اور ان کے ساتھ آنے والے بائیکرز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی یقینی طور پر ہمارے لیے حوصلے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مملکتِ خداداد پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور عقیدت و محبت رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1188693