QR CodeQR Code

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اترپردیش میں 72واں "علی (ع) ڈے" کا اجلاس منعقد

4 Feb 2025 18:29

یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے خطاب میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ امام علی (ع) کی تعلیمات سے حکمت اور تحریک حاصل کریں اور انکی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت کے پہلے مسلم صدر ڈاکٹر ذاکر حسین کے قائم کردہ تاریخی "علی (ع) ڈے" کا 72واں اجلاس علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں علی سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقد ہوا۔ اس تقریب میں معزز دانشوران، مہمانان گرامی اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں امام علی (ع) کی حکمت، قیادت اور تعلیمات پر گفتگو کی گئی۔ اس اجلاس میں جامعہ کے طلاب کے درمیان مقالہ نویسی، مضمون نویسی اور پوسٹر نویسی کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں ممتاز کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت شریف سے ہوا، جس کے بعد علی سوسائٹی کے موجودہ سرپرست مولانا ڈاکٹر سید محمد اصغر نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے خطاب میں طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ امام علی (ع) کی تعلیمات سے حکمت اور تحریک حاصل کریں اور ان کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ایرانی سفیر برائے ہندوستان ڈاکٹر ایرج الٰہی، نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور امام علی (ع) کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط پر روشنی ڈالی اور ہندوستان و ایران کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔ رکن پارلیمنٹ محمد حنیفہ نے بطور اعزازی مہمان امام علی (ع) کی قیادت اور ان کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی۔ استاد جامعۃ الامام امیر المومنین (ع) نجفی ہاؤس مولانا سید محمد ذکی حسن نے "امام علی (ع) کی سیرت میں دینی و سیاسی اقلیت کا خیال" کے موضوع پر تقریر کی۔

انہوں نے امام علی (ع) کے دور حکومت میں ہر قوم و قبیلہ کے افراد کے ساتھ برتے گئے عدل و انصاف کو اجاگر کیا۔ مولانا آزاد یونیورسٹی حیدرآباد سے پروفیسر علیم اشرف نے امام علی (ع) کو اتحاد کی علامت قرار دیا۔ سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن دھرم ویر سنگھ بگا نے امام علی (ع) کو اپنا بہترین آئیڈیل قرار دیا۔ ادبی نشست میں معروف شعرا نایاب بلیاوی اور وسیم امروہوی نے بارگاہ امام علی (ع) میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا، جس سے تقریب کی رونق میں اضافہ ہوا۔ اختتام پر علی سوسائٹی کے صدر پروفیسر مظہر عباس نے کلمات تشکر پیش کئے اور تمام مہمانوں، شرکاء، منتظمین اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 1188574

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1188574/علی-گڑھ-مسلم-یونیورسٹی-اترپردیش-میں-72واں-ع-ڈے-کا-اجلاس-منعقد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com