QR Code
ٹیکنالوجی بورڈ کی گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل اقدامات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی
4 Feb 2025 12:56
اجلاس میں طے پایا کہ گلگت بلتستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ خطے میں آئی ٹی کے میدان میں ترقی کی نئی راہیں کھل سکیں۔
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل ترقی کے فروغ اور سرکاری نظام میں جدید آئی ٹی اصلاحات کے نفاذ کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈیولپمنٹ) گلگت بلتستان مشتاق احمد کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے حکام سے اہم ملاقات کی۔ اس اجلاس میں گلگت بلتستان میں ای آفس سسٹم کے نفاذ، کابینہ آٹومیشن، ای خدمت مراکز کے قیام، اور سرکاری دفاتر میں ہیومن ریسورس مینیجمنٹ سسٹم کی بہتری جیسے کلیدی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں پی ایم آر یو گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ادریس نے بھی شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈیولپمنٹ) نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان میں جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون سے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام کے ساتھ مشترکہ کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا تاکہ عوام کو تیز تر اور شفاف سہولیات میسر آسکیں۔ اس موقع پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکام نے گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں طے پایا کہ گلگت بلتستان میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی تاکہ خطے میں آئی ٹی کے میدان میں ترقی کی نئی راہیں کھل سکیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ یہ ملاقات گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جس سے نہ صرف حکومتی امور میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو بھی جدید اور مؤثر سہولیات دستیاب ہوں گی۔
خبر کا کوڈ: 1188522
اسلام ٹائمز
https://www.islamtimes.com