مظفرآباد میں پاکستان سے عہدِ وفا کی تجدید کے لیے کشمیر مارچ
4 Feb 2025 07:48
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ وفاع پاکستان کے فرنٹ لائن سولجر ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ مظفرآباد میں پاکستان سے عہدِ وفا کی تجدید کے لیے کشمیر مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کشمیر مارچ میں آزاد کشمیر کے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھا کر کشمیر بنے گا پاکستان، ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے، کے نعرے لگائے۔کشمیر مارچ میں آزاد کشمیر کی قیادت، مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان کے سربراہ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا۔ کشمیر مارچ میں خواتین اور مقبوضہ کشمیر کے مہاجرین کی بڑی تعداد نے پاکستانی پرچم اور سید علی گیلانی کی تصاویر اٹھا کر شرکت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ وفاع پاکستان کے فرنٹ لائن سولجر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قائدِاعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ہم اس نظریے کی حفاظت کریں گے۔ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں، کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈاکٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جس کے حصول تک کشمیری بھارت سے لڑتے رہیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت لاکھوں فوجیوں کے ذریعے کشمیر کو محاصرے میں لے کر بھی جذبہ حریت کو کچل نہیں سکا۔
خبر کا کوڈ: 1188481