غریبوں کی چیخ و پکار سننے والا یہاں کوئی نہیں ہے، پرینکا گاندھی
2 Feb 2025 21:58
کانگریس کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اترپردیش کی بی جے پی حکومت دلتوں پر ظلم کی علامت بن گئی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اترپردیش کے ایودھیا میں ایک دلت بچی کے ساتھ ہوئی انسانیت سوز حرکت نے پورے ملک کو سکتہ میں ڈال دیا ہے۔ وہیں اس معاملے پر سیاست دانوں نے بھی کڑا رُخ اختیار کیا ہے۔ وائناڈ سے کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی اس معاملے پر اترپردیش کی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ ایودھیا میں بھگوت کتھا سننے گئی ایک دلت بچی کے ساتھ جس طرح کی بربریت ہوئی اسے سن کر کسی بھی انسان کی روح کانپ جائے گی، ایسے ظالمانہ واقعات پوری انسانیت کو شرمسار کرتی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اس حوالے سے آگے لکھتے ہوئے کہا کہ بچی 3 دن سے غائب تھی لیکن پولیس نے کچھ نہیں کیا۔
بی جے بی جے پی کے جنگل راج میں دلتوں، قبائلیوں، پسماندوں اور غریبوں کی چیخ و پکار سننے والا کوئی نہیں ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت دلتوں پر ظلم کی علامت بن گئی ہے۔ میرا مطالبہ ہے کہ ظلم کرنے والوں کے ساتھ ساتھ ذمہ دار پولیس اہلکاروں اور افسران کے خلاف سخت کارروائی ہو۔ قابل ذکر ہے کہ ایودھیا ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے ہفتہ کو ایک گمشدہ دلت طبقہ (ایس سی) سے تعلق رکھنے والی لڑکی کی برہنہ لاش برآمد کی۔ لڑکی کو بے رحمی سے قتل کیا گیا تھا اس کی آنکھیں نکال لی گئی تھیں اور جسم پر کئی گہرے زخم بھی تھے۔ پولیس کو شک ہے کہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کی گئی تھی اور اس کے بعد بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ: 1188203