بلوچستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، سرفراز بگٹی
1 Feb 2025 19:16
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہینگی۔
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قلات اور ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے قلات کے علاقے منگچر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے جاری بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 23 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ کارکردگی کا مظہر ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادر وطن کا دفاع کیا۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سرفراز بگٹی نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت انہیں کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑے گی۔ حکومت شہداء کے بچوں اور لواحقین کی کفالت کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ہرنائی، قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن پوری قوت سے جاری ہے اور جب تک آخری دہشت گرد کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا، یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ دشمن قوتیں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، مگر ہماری بہادر فورسز اور عوام ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گی، اور ہم کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کے وجود سے مکمل پاک کرکے اسے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ: 1188044