ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
1 Feb 2025 09:20
امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر اشرف علی عتیق نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مافیاز کو نواز رہی ہے، آئی پی پیز سے معاہدوں کے نتیجے میں ایک ہزار ارب کا فائدہ ہوا، اس رقم سے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ کر رہے ہیں، عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے، تنخواہ داروں پر ٹیکسوں کا پہاڑ لاد دیا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر اشرف علی عتیق نے کہا کہ حکومت نے آئی پی پی سے معاہدے کر کے ہزاروں ارب بچائے، عوام کو بجلی کی مد میں ریلیف دینا ہوگا، جماعت اسلامی احتجاجی تحریک ری لانچ کر رہی ہے، آئی پی پیز سے معاہدے عوامی جدوجہد کا نتیجہ ہے، اس کا فائدہ بھی عوام کو ہونا چاہیے۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع ملتان کے زیراہتمام ملتان پریس کلب کے سامنے مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد رشید، ڈاکٹر عبداللہ، آصف اخوانی، قطب جمیل اور دیگر ذمہ دران موجود تھے۔
ڈاکٹر اشرف علی عتیق نے کہا کہ حکومت مافیاز کو نواز رہی ہے، آئی پی پیز سے معاہدوں کے نتیجے میں ایک ہزار ارب کا فائدہ ہوا، اس رقم سے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ممبران پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ کر رہے ہیں، عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے، تنخواہ داروں پر ٹیکسوں کا پہاڑ لاد دیا گیا، کسان رو رہا ہے، بجلی بل بم بن چکے ہیں، حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، جماعت اسلامی کے علاو ہ عوامی مسائل کسی پارٹی کی ترجیح نہیں، حافظ نعیم الرحمن امیر جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں پرامن مزاحمتی تحریک کے ذریعے عوام کو اس کا حق دلوائیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1187937