ایم کیو ایم والے مان لیں کہ وہ بدحواسی کا شکار ہیں، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
31 Jan 2025 18:58
ایک بیان میں میئر کراچی نے کہا کہ علی خورشیدی اچھی طرح جانتے ہیں کہ کراچی میں یہ بدترین خوف کا بت بلاول بھٹو زرداری اور ان کی جماعت نے ختم کیا ہے، الحمدللہ اب کراچی میں بوری بند لاشوں، بھتہ خوری، ماؤں بہنوں کی عصمت دری کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوچکا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی اور بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے ان کی پریس کانفرنس کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے مان لیں کہ وہ بدحواسی کا شکار ہیں، اپنی پارٹی میں چیئرمین شپ کی لڑائی پر پریشانی کا شکار ہوکر پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تین دہائیوں کے ظلم و ستم، قتل و غارتگری پر مبنی اندوہناک فلم کے بارے میں کراچی کے شہری بہت اچھی طرح جانتے ہیں، شہری یہ بھی جانتے ہیں کہ اس فلم کے ولن سے لے کر تمام گھناؤنے کرداروں کے چہرے کراچی والوں کو شناسا ہیں، کراچی کے شہری فیکٹریوں میں معصوم نوجوانوں کو زندہ جلانے والوں کو بھی اچھی طرح جانتے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ علی خورشیدی اچھی طرح جانتے ہیں کہ کراچی میں یہ بدترین خوف کا بت بلاول بھٹو زرداری اور ان کی جماعت نے ختم کیا ہے، الحمدللہ اب کراچی میں بوری بند لاشوں، بھتہ خوری، ماؤں بہنوں کی عصمت دری کے سیاہ دور کا خاتمہ ہوچکا ہے، کراچی کے غیور عوام نے بوری بند لاشوں اور دھونس دھمکی کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ہے، اب بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، علی خورشیدی اپنی جماعت کے ماضی پر زرا لب کشائی کی ہمت کریں اور جناب کی دروغ گوئی سے ہم ترقیاتی کاموں کو نہیں روکیں گے، آپ چاہے کتنا بھی زور لگا لیں ہم شہریوں کے تمام مسائل حل کرکے دم لیں گے۔
خبر کا کوڈ: 1187820