سرینگر، انجینئر رشید کی رہائی کیلئے احتجاج کرنیوالے عوامی اتحاد پارٹی کے کارکن گرفتار
31 Jan 2025 13:11
پولیس نے انجینئر رشید کے بیٹے ابرار سمیت پارٹی کارکنوں کو حراست میں لیکر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور بھارتی رکن پارلیمنٹ انجینئررشید کی رہائی کیلئے سرینگر میں احتجاج اور بھوک ہڑتال کرنے والے متعدد پارٹی رہنمائوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عوامی اتحاد پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے لال چوک میں دھرنا دینے کی درخواست انتظامیہ کی طرف سے مسترد کئے جانے کے بعد سرینگر میں جمع ہو کر بھوک ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے انجینئر رشید کے بیٹے ابرار سمیت پارٹی کارکنوں کو حراست میں لیکر کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا ہے۔ اس موقع پر ابرار نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے والد کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دینا جمہوریت کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد ساڑھے پانچ سال سے جیل میں قید ہیں۔ انجینئر رشید گزشتہ سال بھارتی پارلیمانی انتخابات میں بارہمولہ حلقہ سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ: 1187763