زمینی راستوں کی بندش، کرم کے لوگوں کی آمد و رفت کیلئے ہیلی کاپٹر سروس جاری
31 Jan 2025 01:59
وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر کرم کیلئے صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آج صوبائی حکومت کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کل 10 پروازیں ہوئیں، ان پروازوں کے ذریعے 299 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔
اسلام ٹائمز۔ زمینی راستے کی بندش کے باعث کرم کے لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات، وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر کرم کے لئے صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آج صوبائی حکومت کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی کل 10 پروازیں ہوئیں، ان پروازوں کے ذریعے 299 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ پہلی پرواز میں 31 افراد اور ایک ڈیڈ باڈی کو پشاور سے علیزئی منتقل کیا گیا۔ دوسری پرواز میں 38 افراد کو علیزئی سے ٹل منتقل کیا گیا، تیسری پرواز میں 22 افراد کو ٹل سے بوشہرہ پہنچایا گیا۔
چوتھی پرواز میں ایک شخص کو بوشہرہ سے صدہ پہنچایا گیا جبکہ پانچویں پرواز صدہ سے تری منگل کے لئے ہوئی، جس میں 7 افراد کو ائیر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹی پرواز کے ذریعے 38 افراد کو تری منگل سے ٹل، ساتویں پرواز میں 33 افراد کو ٹل سے تری منگل پہنچایا گیا، آٹھویں پرواز میں 48 افراد کو تری منگل سے ٹل، نویں پرواز میں 40 افراد کو ٹل سے علیزئی جبکہ دسویں اور آخری پرواز میں 41 افراد کو علیزئی سے پشاور پہنچایا گیا۔ ان پروازوں میں کل 1800 کلوگرام سامان کو بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1187698