مراکش کشتی حادثے میں بچ جانیوالے 7 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
31 Jan 2025 01:07
مراکش کشتی حادثہ میں زندہ بچ جانیوالے مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے سپین براستہ سینیگال جانے کی کوشش کی تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق ایجنٹوں نے مسافروں سے سپین جانے کے 16 لاکھ سے 25 لاکھ روپے فی کس میں معاملات طے کیے تھے۔
اسلام ٹائمز۔ مراکش کشتی حادثہ میں زندہ بچ جانیوالے 7 پاکستانی باشندوں کو ڈی پورٹ کرکے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا۔ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق مراکش کشتی حادثہ میں بچ جانے والے 7 متاثرین کو پرواز نمبر ای کے 612 کے ذریعے ڈی پورٹ کرکے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا دیاگیا جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں انسانی سمگلنگ سیل کی حفاظتی تحویل میں لے لیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافروں کی شناخت محمد آصف، محمد عباس، مدثر حسین، عمران اقبال، عزیر بشارت، شعیب ظفر اور عامر علی کے نام سے ہوئی جن کا تعلق گجرات، حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاءلدین اور گجرانوالہ سے ہے۔ مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے سپین براستہ سینیگال جانے کی کوشش کی تھی، ابتدائی تفتیش کے مطابق ایجنٹوں نے مسافروں سے سپین جانے کے 16 لاکھ سے 25 لاکھ روپے فی کس میں معاملات طے کیے تھے۔
ایجنٹوں نے وزٹ ویزے پر ایتھوپیا اور بعد ازاں سینیگال بھجوایا، سینیگال سے ایجنٹوں نے سمندر کے راستے شہریوں کو سپین بھجوانے کی کوشش کی اور سینیگال سے اٹلی/ سپین (کشتی کے ذریعے) سفر کے دوران انسانی سمگلروں نے انہیں آزاد کرانے کے بہانے بھاری رقم بٹوری۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد تمام مسافروں کو انکے متعلقہ ریجنز کے حکام کے حوالےکر دیا گیا جو مسافروں سے انسانی سمگلروں اور ایجنٹوں کی نشاندہی کے حوالے سے معلومات لے رہے ہیں اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ایجنٹوں کا تعلق وزیرآباد، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ کے علاقوں سے ہے۔
خبر کا کوڈ: 1187684