قابض میئر پیپلز پارٹی کی 16 سالہ بدترین حکمرانی، نااہلی اور کرپشن کا جواب دیں، منعم ظفر خان
30 Jan 2025 23:23
اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر میں انفرا اسٹرکچر کی تباہی، ٹرانسپورٹ کا نہ ہونا، سیوریج اور صفائی ستھرائی بہت بڑے مسائل ہیں اور اس کی براہ راست ذمہ داری پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے، پیپلز پارٹی 16 سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے وسائل پر قابض ہے
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ قابض میئر مرتضی وہاب ہماری کارکردگی پوچھنے کے بجائے پیپلز پارٹی کے 16 سالہ بدترین دور حکمرانی، ناااہلی و کرپشن کا جواب دیں، ہم نے ڈیڑھ سال کے عرصے میں اپنے 9 ٹاؤنز میں 125 پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو بحال اور آباد کیا، جماعت اسلامی نے عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی کے لیے پانی کے منصوبے K-2 اور K-3 مکمل کیے لیکن پیپلز پارٹی K-4 منصوبہ مکمل نہ کرسکی، چائنا کٹنگ کرنے والوں نے کھیل کے میدانوں اور پارکوں پر قبضہ کیا، عوام نے ان کو مسترد کردیا لیکن جس طرح فارم 13 کے ذریعے بلدیاتی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر مرتضی وہاب کو میئر بنایا گیا، اسی طرح فارم 47 کے ذریعے ایم کیو ایم کو کراچی پر مسلط کردیا گیا، حافظ نعیم الرحمن کے وژن اور وعدے کے مطابق اختیارات و وسائل سے بڑھ کر کام کریں گے، عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے، اختیارات کا رونا روئیں گے نہ فائلیں پھینک کر آنسو بہائیں گے، عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، سندھ پر 16 سال سے مسلط پیپلز پارٹی سے اختیارات ووسائل چھین کر اہل کراچی کو ان کا جائز حق دلوائیں گے، حقوق کراچی تحریک، عوامی جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ناظم آباد میں الحسن چوک اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر 55 ہزار اسکوئر فٹ پیور بلاک ورک اور چوک کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
منعم ظفرخان نے مزید کہا کہ شہر میں انفرا اسٹرکچر کی تباہی، ٹرانسپورٹ کا نہ ہونا، سیوریج اور صفائی ستھرائی بہت بڑے مسائل ہیں اور اس کی براہ راست ذمہ داری پیپلز پارٹی پر عائد ہوتی ہے، پیپلز پارٹی 16 سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے وسائل پر قابض ہے، ایم کیو ایم بھی اس کے ساتھ اقتدارمیں شریک رہی ہے اور آج بھی وفاق میں حکومت کا حصہ ہے لیکن سارے دھندے اور کرپشن جاری ہے اور کراچی کے عوام کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا گیا، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر مال بنانا تو جانتے ہیں لیکن عوام کے مسائل حل نہیں کرتے، عوام کو پانی نہیں ملتا، گلیوں سے کچرا نہیں اٹھتا، گٹروں پر ڈھکن نہیں لگتے، واٹر کارپوریشن کے چیئرمین قابض میئر مرتضی وہاب ہیں، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سڑکیں بنانے کا سارا نظام اور اختیارات ووسائل سندھ حکومت نے اپنے کنٹرول میں رکھے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبے میں تو منتقل ہوگئے لیکن مزید نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے گئے۔
خبر کا کوڈ: 1187668