بلوچستان، سرکاری ہسپتالوں میں سرکاری ملامزین کی بائیومیٹرک حاضری لازمی قرار
30 Jan 2025 20:52
محکمہ صحت کے اعلامیہ کے مطابق تمام ہسپتالوں اور متعلقہ اداروں کے ملازمین کیلئے بائیومیٹرک حاضری کا نظام لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے بائیومیٹرک حاضری کا نظام شروع کر دیا۔ محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہسپتالوں اور متعلقہ اداروں کے ملازمین کے لئے بائیو میٹرک حاضری کا نظام لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ سیکرٹری محکمہ صحت کی ہدایت پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل ہسپتال کوئٹہ، سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ اور مستونگ، نوشکی، پنجگور، لورالائی، نصیرآباد، جعفرآباد، سبی کے ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اداروں کے تمام ملازمین کی تفصیلات ایک ہفتے کے اندر فراہم کریں، تاکہ بائیومیٹرک حاضری نظام کو موثر انداز میں اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بائیومیٹرک حاضری کا نظام محکمہ صحت میں شفافیت کو فروغ دینے اور ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے نافذ کیا جا رہا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری عملدرآمد کریں۔
خبر کا کوڈ: 1187645