تنازعہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسرت عالم بٹ
29 Jan 2025 09:16
ذرائع کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر1947ء میں تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔حریت چیئرمین نے کہا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کی بنیاد تاریخی حقائق، عالمی جواز اور عالمی برادری کی اخلاقی اور سیاسی حمایت پر مبنی ہے، جو بھارتی قابض افواج کے جابرانہ اقدامات کے باوجود بالآخر ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیا۔ مسرت عالم بٹ نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف بھارت کے وحشیانہ فوجی ہتھکنڈوں کا فوری نوٹس لے اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور جبری گرفتاریاں رکوانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔
خبر کا کوڈ: 1187277