QR CodeQR Code

مولانا مزمل حسین کو ریاستی جبر کیخلاف آواز اٹھانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا، حمید حسین

28 Jan 2025 23:16

ایم این اے کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ تیس ہزار ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے کو اس بھونڈے انداز سے گرفتار کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اور ضلع کرم سے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حمید حسین نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں تحصیل چیئرمین مولانا مزمل حسین فصیح کی گرفتاری کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انہیں فی الفور رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مزمل حسین فصیح تحصیل چیئرمین پاراچنار اپر کرم کو ریاستی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے، مولانا مزمل حسین نے ہمیشہ امن و امان اور باہمی رواداری کی بات کی ہے، علاقے اور عوام کی خوشحالی کے لیے بات کی ہے، علاقے کے عوام کے خلاف ہونے والی سازشوں کو بے نقاب کیا ہے، پاراچنار کرم میں ہونے والی ہر ملک دشمن کاروائی کے خلاف حکومتی ذمہ داران کو متوجہ کرتے رہے ہیں اور اپنا پرامن و قانونی احتجاج ریکارڈ کرواتے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقے کی داد رسی کرنے کی بجائے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کرنے والے رہنما کو گرفتار کرنا سراسر غیر قانونی اور ناانصافی ہے، گزشتہ 4 ماہ سے ضلع کرم کے عوام مرکزی سڑک کی بندش کی وجہ سے محاصرے میں ہیں اور انہوں نے عوام کو مشکلات سے نکالنے کی بات کی ہے، تیس ہزار ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے کو اس بھونڈے انداز سے گرفتار کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، میں اس گرفتاری کے ذمہ دار تمام حکام سے پُرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ مولانا مزمل حسین فصیح کے خلاف لگائے گئے من گھڑت الزامات واپس لیئے جائیں اور انہیں باعزت رہا کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1187238

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1187238/مولانا-مزمل-حسین-کو-ریاستی-جبر-کیخلاف-آواز-اٹھانے-کے-جرم-میں-گرفتار-کیا-گیا-حمید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com