QR CodeQR Code

آئین ہماری اجتماعی شناخت کی بنیاد ہے، صدر جمہوریہ ہند

26 Jan 2025 15:35

دروپدی مرمو نے کہا کہ انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارہ صرف نظریاتی تصورات نہیں ہیں جن سے ہم جدید دور میں متعارف ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا "یوم جمہوریہ کے موقع پر میں آپ سب کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں، 75 سال پہلے 26 جنوری کو ہندوستان کا آئین نافذ ہوا تھا"۔ انہوں نے کہا"مجھے اس تاریخی موقع پر آپ سب سے خطاب کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے، یوم جمہوریہ کے موقع پر میں آپ سب کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں، 75 سال پہلے 26 جنوری کو جمہوریہ ہند کا بنیادی متن، یعنی ہندوستان کا آئین نافذ ہوا تھا"۔ صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا کہ اس سال ہم برسا منڈا کی 150ویں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ ان کا شمار ان سرکردہ آزادی پسندوں میں ہوتا ہے جن کے کردار کو اب قومی تاریخ کے تناظر میں اہمیت دی جا رہی ہے۔ دروپدی مرمو نے کہا کہ انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارہ صرف نظریاتی تصورات نہیں ہیں جن سے ہم جدید دور میں متعارف ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ زندگی کی قدریں ہمیشہ ہماری تہذیب و ثقافت کا حصہ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوری اقدار ہماری دستور ساز اسمبلی کے ڈھانچے میں بھی جھلکتی ہیں۔ اس اجلاس میں ملک کے تمام حصوں اور تمام کمیونٹیز کی نمائندگی تھی۔ خاص بات یہ ہے کہ دستور ساز اسمبلی میں سروجنی نائیڈو، راج کماری امرت کور، سوچیتا کرپلانی، ہنسابین مہتا اور مالتی چودھری جیسی 15 غیر معمولی خواتین بھی شامل تھیں۔ صدر جمہوریہ ہند نے کہا کہ ہندوستان کے کسانوں نے سخت محنت کی ہے اور ملک کو اناج کی پیداوار میں خود کفیل بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان بھائیوں اور بہنوں نے سخت محنت کی اور ہمارے ملک کو اناج کی پیداوار میں خود کفیل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن بھائیوں اور بہنوں نے انتھک محنت کی اور ہمارے انفراسٹرکچر اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کو تبدیل کیا، ان کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے آج ہندوستانی معیشت دنیا کے معاشی منظر نامے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔

دروپدی مرمو نے کہا کہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح آسمان کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں معاشی ترقی کی شرح مسلسل بلند رہی ہے جس نے ہمارے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے ہیں، کسانوں اور مزدوروں کے ہاتھ میں زیادہ پیسہ لگایا ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو غربت سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرات مندانہ اور دور اندیش معاشی اصلاحات کی بدولت آنے والے سالوں میں ترقی کی یہ رفتار جاری رہے گی۔ صدر جمہوریہ ہند نے قوم سے اپنے خطاب میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ڈیجیٹل ادائیگی کے اختیارات کے ساتھ ساتھ براہ راست فائدہ کی منتقلی کے نظام نے شمولیت کو فروغ دیا ہے، جس سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو رسمی نظام میں لایا گیا ہے، اس سے نظام میں بے مثال شفافیت بھی آئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1186723

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1186723/آئین-ہماری-اجتماعی-شناخت-کی-بنیاد-ہے-صدر-جمہوریہ-ہند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com