کراچی، آن لائن لاٹری کے نام پر لوٹنے والا بین الاقوامی گروہ گرفتار
25 Jan 2025 23:40
ملزمان آن لائن اور موبائل ایپ کے ذریعے ملکی و غیرملکی کرنسی میں کروڑوں کی ادائیگی کا جھانسہ دیتے تھے۔
اسلام ٹائمز۔ آن لائن لاٹری کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے بین الاقوامی گروہ کو کراچی میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے لاٹری گینگ کے 4 ملزمان کو احسن آباد سے گرفتار کیا۔ ملزمان آن لائن اور موبائل ایپ کے ذریعے ملکی و غیرملکی کرنسی میں کروڑوں کی ادائیگی کا جھانسہ دیتے تھے۔ ملزمان نے حکومت کویت اور کویت پولیس کے لوگوز پر مبنی ڈیجیٹل بینرز بھی بنا رکھے تھے، جبکہ بینرز کے ذریعے بھی غیر ملکیوں سے رقم بٹورنے کا سلسلہ جاری تھا۔ ملزمان اسپوف کالز کے ذریعے ملکی و غیر ملکی شہریوں سے رابطہ کرتے تھے۔ فون کالز کے ذریعے ملزمان شہریوں کے ڈیبٹ، کریڈٹ کارڈز کی خفیہ معلومات بھی حاصل کرتے تھے۔ پاس ورڈز اور کوڈز کے ذریعے ملزمان شہریوں کے اکاؤنٹس سے تمام رقم ٹرانسفر کرنے میں ملوث ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1186582