QR CodeQR Code

شیر افضل مروت نے پارٹی کے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا

24 Jan 2025 17:59

پی ٹی آئی رہنما کے شوکاز کے جواب میں کہا گیا ہے کہ مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا، نوٹس سلمان اکرم راجا سے متعلق میرے بیان کے تناظر میں بھیجا گیا۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا سلمان اکرم راجا کے اقدامات پر قابو نہ پایا گیا تو پارٹی تقسیم ہو جائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز کا جواب جمع کرا دیا۔ رپورٹ کے مطابق شیر افضل مروت نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو ارسال کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما کے شوکاز کے جواب میں کہا گیا ہے کہ مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا، نوٹس سلمان اکرم راجا سے متعلق میرے بیان کے تناظر میں بھیجا گیا۔ شیر افضل مروت کا کہنا تھا سلمان اکرم راجا کے اقدامات پر قابو نہ پایا گیا تو پارٹی تقسیم ہو جائے گی، سلمان اکرم راجا کا تبصرہ پارٹی میں میری ساکھ کو نقصان پہنچاننے والا تھا۔

 
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا پہلے بھی پنجاب کے ایک ایم پی اے نے بانی پی ٹی آئی کو میرے متعلق گمراہ کیا تھا، وضاحت کا موقع فراہم کیے بغیر مجھے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ افضل مروت نے اپنے جواب میں شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی فورمز پر خدشات اٹھانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، امید ہے کہ میرے اٹھائے گئے خدشات کو دور کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے گئے تھے جس پر پی ٹی آئی نے عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 1186302

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1186302/شیر-افضل-مروت-نے-پارٹی-کے-شوکاز-نوٹس-کا-جواب-جمع-کرا-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com