QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا، حریت کانفرنس

24 Jan 2025 12:27

عبدالرشید منہاس کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ سے قبل سخت پابندیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں 26جنوری بروز اتوار کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس دن مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور اسے مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری پیغامات میں کہا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام اس ماہ سوپورر، گائو کدل، سرینگر، ہندواڑہ اور بجبہاڑہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ بھارت کی جمہوریت اور سیکولرازم کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔

انہوں نے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی تسلط اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف 26 جنوری کو مکمل ہڑتال کریں تاکہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت اور مکروہ چہرے کو دنیا بھر کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے مادر وطن پر بھارت کے قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کرتے اور وہ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے اور اپنے گھروں اور دکانوں پر سیاہ جھنڈے لہرا کر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ 26جنوری ان کے لیے یوم جمہوریہ نہیں بلکہ یوم سیاہ ہے۔ انہوں نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری اور انہیں ہراساں کرنے کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عملا مارشل لا جیسی صورتحال ہے، قابض حکام نے کشمیریوں کی سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے اور ان کی آواز کو دبایا جا رہا ہے۔ عبدالرشید منہاس نے کہا کہ یوم جمہوریہ سے قبل سخت پابندیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1186221

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1186221/مقبوضہ-کشمیر-میں-بھارتی-یوم-جمہوریہ-کو-سیاہ-کے-طور-پر-منایا-جائیگا-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com