ژوب، سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کیخلاف کارروائی، چھ دہشتگرد ہلاک
23 Jan 2025 20:54
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد گروپ نے پاک افغان سرحد پر ژوب کے علاقے سمبازہ سے دراندازی کی کوشش کی، جو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
اسلام ٹائمز۔ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے دہشتگردوں کے گروپ کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان سرحد پر 22 اور 23 جنوری کی درمیانی شب دہشتگردوں کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگرد گروپ نے پاک افغان سرحد پر ژوب کے علاقے سمبازہ سے دراندازی کی کوشش کی، جو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان حکومت سے سرحد پر موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کے لئے کہہ رہا ہے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1186133