کوئٹہ، ایم ڈبلیو ایم ہزارہ ٹاؤن کے اجلاس کا انعقاد، مختلف امور پر گفتگو
23 Jan 2025 19:05
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہر فورم پر پاکستان کے مظلوم عوام اور ملت جعفریہ کے حقوق اور آئین و قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کا اہم اجلاس پارٹی کے ضلعی دفتر میں منعقد ہوا۔ جس سے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ ذاکر حسین درانی اور ضلعی نائب صدر آغا سید ضیاء نے خطاب کیا۔ اجلاس میں اراکین ضلعی کابینہ اور یونٹس کے صدور اور سیکرٹریز شریک ہوئے۔ اس موقع پر ضلعی شوریٰ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تنظیمی فعالیت میں بہتری کے لئے ہر کارکن اور عہدیدار کے لئے ضروری ہے کہ وہ دستور کا بغور مطالعہ کرے۔ تنظیمی فعالیت میں بہتری کے لئے دستور اور کتاب رہنمائے مسولین پر عمل درآمد کیا جائے۔ دستوری طور پر ضلعی شوریٰ کے سال میں کم سے کم تین اجلاس لازمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی امیدوں کا مرکز اور مظلوموں کی ترجمان ہے۔ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہر فورم پر پاکستان کے مظلوم عوام اور ملت جعفریہ کے حقوق اور آئین و قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان نے مختلف تنظیمی اضلاع میں پاراچنار کے مظلوموں کے حق میں احتجاجی دھرنے دیئے اور مظاہرے کئے۔ حکومت پاراچنار کا راستہ پرامن بناتے ہوئے اسے عوام کی آمدورفت کے لئے کھول دے۔ حکومت اور ریاستی ادارے ضلع کرم میں پائیدار امن کے لئے امن معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ضلعی نائب صدر سید ضیاء آغا نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ہزارہ ٹاؤن کی ضلعی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
خبر کا کوڈ: 1186121