QR CodeQR Code

سندھ ہائیکورٹ کا لاپتا افراد کے اہلخانہ کی فوری مالی معاونت کرنیکا حکم

23 Jan 2025 17:54

عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی اور ریمارکس دیئے کہ اگر کیس میں کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو آئندہ سماعت پر ایس ایس پی ایسٹ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے 2016ء سے لاپتا شخص اور دیگر افراد کی گمشدگی کیخلاف درخواستوں پر شہریوں کے اہل خانہ کی فوری مالی معاونت کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں 2016ء سے لاپتا شخص اور دیگر افراد کی گمشدگی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جس میں درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ محمد طاہر تھانہ سہراب گوٹھ سے 2016ء لاپتا ہوا تھا، ہر پیشی پر پولیس روایتی رپورٹس پیش کر دیتی ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹیز نے طاہر کی جبری گمشدگی کا تعین کیا ہے، سندھ حکومت نے لاپتا طاہر کے اہلخانہ کی مالی معاونت بھی کر دی ہے، لاپتا طاہر کی اہلیہ نے کہا کہ میرا شوہر بازیاب کرایا جائے، 9 برسوں سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہی ہوں۔

عدالت نے ایس ایس پی ایسٹ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی اور ریمارکس دیئے کہ اگر کیس میں کوئی پیشرفت نہ ہوئی تو آئندہ سماعت پر ایس ایس پی ایسٹ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔ عدالت میں 2017ء سے لاپتا شہری کے اہل خانہ بھی ہوئے۔ درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ ظفر اقبال اور ملک رضوان 2017ء سے تھانہ گلشن معمار سے لاپتا ہیں، گزشتہ سماعت پر لاپتا افراد کے اہلخانہ کی مالی معاونت کی سمری منظور ہوئی تھی، لیکن اہلخانہ کی مالی معاونت نہیں کی گئی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو شہریوں کے اہلخانہ کی فوری مالی معاونت کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے لاپتا شہریوں کی بازیابی کیلئے کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 1186116

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1186116/سندھ-ہائیکورٹ-کا-لاپتا-افراد-کے-اہلخانہ-کی-فوری-مالی-معاونت-کرنیکا-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com